مستعفی ہوکر ، جگتیال سے کے کویتا کو کامیاب بنانے کا اعلان

کلکٹریٹ کی جدید عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر رکن اسمبلی ڈاکٹر سنجے کمار کا جذباتی بیان

جگتیال۔/29 مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جگتیال رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم سنجے کمار نے آج جگتیال ضلع کلکٹریٹ کیمپ آفس کی جدید تعمیر عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے حیران کن بیان دیا، انہوں نے کہا کہ کے کویتا کو حضور نگر سے مقابلہ کرنے کی ضرورت نہیں، ضرورت آنے پر کے کویتا کیلئے اپنے عہدہ سے استعفی دے کر جگتیال سے کے کویتا کو مقابلہ کیلئے اتار کر کامیاب بنائیں گے۔ اس بیان سے ریاستی وزیر کے ایشور اور ارکان اسمبلی اور سرکاری عہدیدار حیران و ششدر رہ گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کمان جو بھی فیصلہ لے گی اس کو وہ قبول کریں گے۔ سنجے کمار نے یہ بیان ایسے وقت دیا جبکہ کویتا کی شکست کو لے کر ریاستی حکومت ، چیف منسٹر کے سی آر کافی ناراض ہیں اور اس شکست کے ذمہ دار ہونے کی افواہوں پر تحقیقات چل رہی ہیں ایسے میں ڈاکٹر ایم سنجے کمار نے اپنی جانب سے اس طرح کا بیان دے کر سب کو حیرانی میں ڈال دیا ہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ ہائی کمان کی کارروائی سے قبل یہ خود کو اپنے عہدہ سے استعفی دینے کی پیشکش کررہے ہیں۔ جگتیال کو ضلع کا درجہ دینے کے بعد ضلع میں مختلف محکمہ جات کی سرکاری عمارتوں کی تعمیر کیلئے اراضی اور فنڈس کی منظوری عمل میں لاتے ہوئے تعمیراتی کاموں کا جنگی پیمانے پر آغاز کیا گیا تھا۔ ضلع کلکٹریٹ کیمپ آفس کی تعمیر کا ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت نے اپنی خصوصی دلچسپی اور خصوصی نگرانی میں اس عمارت کو جنگی پیمانے پر تعمیر کروایا جس کا آج ریاستی وزیر فلاح و بہبود کوپلہ ایشور کے ہاتھوں افتتاح عمل میں لایا گیا۔ اس تقریب میں جگتیال کے رکن اسمبلی ڈاکٹر ایم سنجے کمار اور کورٹلہ کے رکن اسمبلی ودیا ساگر راؤ اور چیہ ڈنڈی کے رکن اسمبلی روی شنکر، ایم ایل سی نارا داس لکشمن اور ریاستی فینانس کارپوریشن کے چیرمین جی راجیشم گوڑ کے علاوہ ضلع کلکٹر ڈاکٹر اے شرت اور ضلع ایس پی سندھو شرما کے علاوہ سیاسی و سماجی اور سرکاری عہدیداران نے شرکت کی۔ اس موقع پر کوپلہ ایشور نے مخاطب کرتے ہوئے ضلع کلکٹر کو جگتیال میں ریاست تلنگانہ میں سب سے پہلے کیمپ آفس کی تعمیر پر مبارکباد پیش کی۔