بیدر میں ٹوپی پہن کر ایشور کھنڈرے کا روڈ شو ‘ مسلمانوں سے ملاقات
بیدر۔21؍اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بید رپارلیمانی حلقہ سے کانگریس پارٹی کے امیدوارایشور کھنڈرے نے آج دوپہر اور سہ پہر روڈ شو کرتے ہوئے قلب شہر میں رائے دہندگان سے ملاقات کی۔اور اپنے حق میں ووٹ کرنے کے لئے اپیل کی۔ مسلمانوں کی کثرت رکھنے والے قدیم شہر میں ان کے ساتھ وزیر رحیم خان بھی ٹوپی پہنے ہوئے تھے۔ لوگوں نے جگہ جگہ ایشور کھنڈرے کااستقبال کیا۔ ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے لوگ دیکھے گئے۔ ایشور کھنڈرے جہاں جہاں جارہے تھے ، وہاں وہاں آتشبازی کرتے ہوئے نوجوان دیکھے گئے۔ شاہ گنج سے روڈ شو شروع ہوا۔کنج نشین بنگلہ ، درگاہ پور، بھیم نگر، منیارتعلیم ، چونے کی بھٹی ، گولہ خانہ ، گاوان چوک،سنگار باغ، چوبارہ، کلثوم گلی ، مستعد پورہ، تعلیم صدیق شاہ اور دیگر محلوں سے ہوتے ہوئے نئی کمان پہنچے۔دوران روڈ شو انھوں نے رائے دہندگان کو بتایاکہ پرسوں ہنومان جینتی اور کل شب برأت تھی ، اسلئے میں بیدر نہیں آسکا۔ آج آیاہوں۔ اور آپ سے مل رہاہوں۔ پچھلے سال میں نے رحیم خان کے لئے ووٹ مانگے تھے ۔ آج رحیم خان میرے لئے ووٹ طلب کررہے ہیں اورمیں بھی آپ سے ووٹ مانگتاہوں۔ ایک مضبوط اور مستحکم اور ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے کانگریس کو اپناقیمتی ووٹ دیں۔ ایشورکھنڈرے نے سبھوں سے انہیں ووٹ کرنے کی اپیل کی۔ وہ پیدل بھی چل رہے تھے۔ کچھ مقامات پر انھوں نے کارگذار صدر کے پی سی سی تحریرکردہ اپنی گاڑی میں رحیم خان وزیر اسپورٹس کے ساتھ سوار ہوکر سفرکیا۔ اس ملاقات میں بڑے بزرگوں سے لے کر چھوٹے بچے تک شریک رہے۔ کانگریسی قائدین میں لیاقت اللہ شاکر، ارشادعلی پہلوان، نثاراحمدپانی منتری، سابق کونسلر ریاض ، مقصوداحمد، فاطمہ انورعلی، عتیق احمد ، محمد غوث ، اور دیگر کئی ایک لیڈران شریک رہے۔