کریم نگر۔/22نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حکومت کی جانب سے غیر ضروری شرائط اور سرٹیفکیٹ کے بار بار ادخال اور جانچ و سروے کی وجہ سے غریب مستحق ، معذوراور بیواؤں کے علاوہ معمرین کو ماہانہ وظیفہ جو دیئے جارہے تھے اب اس میں سے شاید کسی ایک کو بھی ملنے کی امید نہیں ہے۔ ڈسٹرکٹ کانگریس کمیٹی صدر کے مرتنجیم نے یہ بات کہی۔ ضلع پارٹی دفتر میں پرنٹ اینڈ الکٹرانک میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں جب تک سبھی مستحقین کو وظیفہ کی منظوری نہیں ہوگی ضلع بھر میں احتجاجی پروگرام منظم کئے جاتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بار بار سروے کے نام پر حکومت نے پرانے راشن کارڈ، وظیفہ جات منسوخ کردیئے بلکہ ایسی شرائط لگائی گئی ہیں کہ مشکل سے کسی ایک کو کارڈ حاصل ہوگا، اس کے باوجود بھی کارڈ کب دیئے جائیں گے اس کا کچھ وقت مقرر نہیں ہے۔