کاغذنگر۔21 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب شبیر حسین قائد وائی ایس آر کانگریس نے کاغذ نگر کے محکمہ بلدیہ کے روبرو اپنے ساتھیوں کے ساتھ دھرنے کا اہتمام کیا ۔ انہوں نے میونسپل کمشنر مسٹر کمار سوامی کو ایک یادداشت پیش کی جس میں یہ صراحت کی گئی کہ تقریباً چار ماہ کے عرصہ سے ضعیفوں اورجسمانی معذورین کو حکومت کی جانب سے وظیفہ کی اجرائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے ۔ صرف چند افراد کو ہی وظیفہ ہر ماہ دیا جارہا ہے ۔ کچھ لوگ دس ماہ کے عرصہ سے وظیفہ سے محروم ہیں ۔ اس ضمن میں کئی بار راستہ روکو اور دھرنے کا اہتمام کیا گیا ۔ نیز سب کلکٹر آصف آباد کے علم میں بھی یہ بات لائی گئی لیکن بے سود ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ فی الوقت (4545) افراد وظیفہ کی فہرست میں موجود ہیں لیکن ڈی آر ڈی اے ڈپارٹمنٹ کے کوآرڈینیٹر اور کاغذ نگر کے سوپر وائیزر کی لاپرواہی کی وجہ ان میں سے کبھی تین ہزار افراد کو اور کبھی 3500 افراد کے نام ہی وظیفہ منظور کیا جارہا ہے ۔ جس ضعیف اور جسمانی معذور شخص کو تین ماہ کے عرصہ سے وظیفہ نہیں مل رہا ہے اس کی شکایت پر محکمہ بلدیہ کے ذمہ داران درخواست لیکر وظیفہ کی اجرائی کا تیقن دے رہے ہیں لیکن انہیں تین ماہ کے بعد صرف ایک ماہ کا ہی وظیفہ منظور کیا جارہا ہے ‘ مابقی دو مہینوں کی رقم ان کے کھاتہ میں جمع نہیں ہورہی ہے جب کہ حکومت یہ رقم ہر ماہ پابندی سے جاری کررہی ہے ۔ کبھی کبھی مشین کی خرابی کا بہانہ کیا جاتا ہے اور کبھی آن لائن کی خرابی بتاکر ضعیفوں اور جسمانی افراد کو واپس لوٹایا جارہاہے ۔ جسمانی معذور افراد آٹو رکشہ کا کرایہ لگاکر آتے ہیں اور صبح سے شام تک انتظار کرتے ہیں‘ بھوکے پیاسے رہنے کے باوجود اعلیٰ عہدیداروں کو رقم نہیں آتا ‘ آخر میں انہیں مایوس واپس لوٹنا پڑتا ہے ۔ مسٹر کمار سوامی میونسپل کمشنر نے تیقن دیا کہ ڈی آر ڈی اے ڈپارٹمنٹ سے ربط پیدا کر کے پابندی سے ہر ماہ ضعیفوں اور جسمانی معذور افراد کو وظیفہ دلوانے کی حتی الامکان کوشش کی جائے گی ۔ اس موقع پر مسٹر آنند ٹاؤن پریسیڈنٹ تلگودیشم پارٹی اور مسٹر سنیل کمار قائد کے علاوہ کئی ضعیف اور جسمانی معذور مرد وخواتین موجود تھے ۔