نارائن پیٹ /10 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نارائن پیٹ مستقر پر فوڈ سیکوریٹی کارڈ اور وظائف کیلئے دی گئی درخواستوں کی تنقیح و تحقیق کا کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہے ۔ اس تنقیح و تحقیق کے دوران اس بات کا بھی انشکاف ہوا ہے جس سے عوامی برہمی و ناراضگی میں شدت پیدا ہوگئی ہے کہ 19 اگست کو ریاست گیر سطح پر کی گئی جامع خاندانی سروے میں سینکڑوں خاندانوں کا آن لائین اندراج عمل میں ہی نہیں لایا گیا ہے اور صرف ان خاندانوں اور مکانوں کے درخواستوں کی تنقیح کی جارہی ہے جن کا آن لائین جامع سروے میں ناکام شامل کیا گیا ہے جس کے سبب ہزاروں خاندان فوڈ سیکوریٹی کارڈ ہی نہیں بلکہ وظائف سے بھی محروم ہوجانے کا خدشہ ہے ۔ اس سلسلے میں ضلع کلکٹر محبوب نگر و آر ڈی او نارائن پیٹ سے نمائندگی پر تشفی بخش جواب نہیں مل رہا ہے ۔ جن خاندانوں کا جامع سروے میں نام شامل نہیں ہوا ہے ان کیلئے دوبارہ سروے یا نام شامل کرنے کیلئے صرف درخواست داخل کرنے کو کہا جارہا ہے ۔ تاہم حکومت کی ج انب سے کوئی واضح احکامات تاحال محکمہ ریونیو کو حاصل نہیں ہوئے ہیں کہ جامع خاندانی سروے سے محروم خاندانوں کو فوڈ سیکوریٹی کارڈ یا وظائف اجراء کئے جئایں گے یا نہیں ؟ کیونکہ جامع خاندانی سروے میں نام شامل ہونے کی شرط رکھی گئی ہے ۔ جناب سرفراز حسین انصاری ، سکریٹری ضلع کانگریس کمیٹی نے ریاستی حکومت کی جانب سے کی جانے والی جامع خاندانی سروے میں خامیوں کو فوری اثر کے ساتھ درست کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر حکومت کی ان اسکیمات سے غریب اور مستحق افراد محروم ہوجائیں گے اور حکومت کی ضمانت غذا اسکیم بے فیض اور بے سود ثابت ہوگی ۔