مستحقین کو راحت پہنچانے فلاحی اسکیمات روبہ عمل

اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں بے قاعدگی کے خلاف سخت انتباہ : چنتا پربھاکر

سنگاریڈی۔ یکم فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) محکمہ سیول سپلائیز کی جانب سے فیر پرائز شاپس کے ذریعہ غریب و مستحق عوام کو سربراہ کئے جانے والی اشیائے ضروریہ کو موثر انداز میں صارفین کو سربراہ کرتے ہوئے انہیں فائدہ پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار رکن اسمبلی سنگاریڈی چنتا پربھاکر نے جدید کلکٹریٹ میٹنگ ہال سنگاریڈی میں منعقدہ ضلع ویجیلنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ضلع جوائنٹ کلکٹر وی وینکٹیشورلو نے اجلاس کی صدارت کی۔ رکن اسمبلی چنتا پربھاکر نے عہدیداروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو فراہم کی جانے والی اشیائے ضروریہ کی سربراہی میں کسی بھی قسم کی بے قاعدگی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ریاستی حکومت غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک فلاحی و اختراعی اسکیمات کو روبہ عمل لاتے ہوئے ریاست میں غریب و مستحق عوام کو راحت پہنچانا چاہتی ہے۔ اس خصوص میں ریاستی حکومت ایک روپئے کیلو چاول کی اسکیم کا آغاز کیا ہے جوکہ عوام کیلئے بے حد فائدہ مند ہے جس کی دیگر ریاستوں میں کوئی نظیر نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت آئندہ موسم خریف میں بہتر کاشت کیلئے کسانوں کو فی ایکر 4,000 روپئے کھاد و تخم کیلئے فراہم کرنے والی ہے۔ اس طرح دو فصلوں کو جملہ 8,000 روپئے کسانوں کو امداد فراہم کرنے اقدامات کررہی ہے۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو غیرمعیاری کھاد و تخم فراہم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ حکومت کسانوں کی فلاح و بہبود کی پابند ہے۔ انہوں نے ضلع ڈی ایس او سنگاریڈی جیتندر ریڈی کو ہدایت دی کہ حکومت کی جانب سے نامزد ضلع ویجیلنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے ارکان کیلئے شناختی کارڈس کی اجرائی عمل میں لائیں۔ ضلع جوائنٹ کلکٹر وی وینکٹیشورلو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سربراہ کی جانے والی اشیائے ضروریہ کو غریب و مستحق عوام تک پہنچانے کی سعی کریں تاکہ حکومت کو اپنے مقصد میں کامیابی حاصل ہوسکے۔ اس موقع پر ضلع پریشد سی ای او روی، سیول، سپلائیز، مینیجر وجئے کمار کے علاوہ ضلع ویجیلنس اینڈ مانیٹرنگ کمیٹی کے ارکان وینو گوپال، سرینواس ریڈی، فاضل عرفان اور پراوین کمار اور دیگر موجود تھے۔