کریم نگر آر ٹی سی آر ایم منیجر جیون پرساد کا عہدیداروں سے خطاب
کریم نگر۔/7مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی بس میں سفر کرنے والے سبھی مسافرین کو بہتر خدمات کی انجام دہی کی جانب متوجہ ہوجانا چاہیئے ۔کسی بھی صورت میں مسافرین کوکسی بھی قسم کی شکایت کا موقع نہ دیا جائے اس سلسلہ میں آر ٹی سی عہدیداران خصوصی خدمات انجام دیں۔ منیجر جیون پرساد نے یہ مشورہ دیا۔ کریم نگر آر ایم دفتر میں ڈی ایم ڈی وی ایم سے انہوں نے جائزہ اجلاس منعقد کیا اور اس موقع پر آر ٹی سی کی کارکردگی ، انتظامیہ کی صورتحال کا بغور تفصیلی جائزہ لیا اور مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کے سالانہ امتحانات کیلئے انہیں کوئی دشواری پیش نہ آئے اس سلسلہ میں خصوصی توجہ دیں۔ کسی بھی صورت میں طلبہ کو کوئی پریشانی نہ اٹھانی پڑے ، ابتدائی سطح پر ہی مسائل کو حل کرلیا جائے اور بس کی سہولت پہنچائی جائے اور کہا کہ موسم گرما کا آغاز ہوچکا ہے بس اسٹانڈ ز میں صفائی کے کاموں کا خاص لحاظ رکھا جائے اور پینے کا پانی ہمیشہ دستیاب رہنا چاہیئے۔ مسافرین کو سہولیات پہنچانے کے سلسلہ میں رضاکارانہ تنظیم آگے آنے پر ان کا خیرمقدم کیا جائے گا ا ور ان کے ساتھ تعاون کیا جائے گا۔ اس موقع پر 11 ڈی ایم ڈی ڈی ایم اور دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
خواہشات کی تکمیل کیلئے سرقہ
انٹر میڈیٹ کے دو طالب علم گرفتار
کلواکرتی۔/7مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کلواکرتی ڈی ایس پی ایل سی نائیک نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے دو سارقین کی تفصیلات فراہم کی جو کہ خواہشات کی تکمیل کیلئے منادر میں سرقہ کیا کرتے تھے۔2016 سے اس ڈیویژن کے مختلف پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں ایسے واقعات پیش آرہے تھے۔ ڈی ایس پی کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق سارق نمبر ایک این یادگیری ولد لکشمی نارائنا 17 سال ونگور، دوسرا اے شیوا ولد ایشوریا 17سال مچھنا پلی ونگور منڈل دونوں انٹر سال دوم کے طالب علم ہیں دونوںکو شراب کی لت اور بائیک کے شوق نے انہیں چوریاں کرنے پر مجبور کیا۔ یہ دونوں منادرمیں موجود غلہ توڑ کر اور جہاں منادر میں ان کا تالا توڑ کر سرقہ کیا کرتے تھے۔ ان کے قبضہ سے پولیس نے 28 ہزار روپئے نقد اور مختلف اشیاء کے علاوہ 32 تولہ چاندی کا سامان اور تین تولہ سونے کی چین اور دو عدد مورتیوں کے مجسمے حاصل کئے ہیں۔