حیدرآباد۔/25فبروری، ( سیاست نیوز) مسافرین کو دھمکاکر لوٹنے والی ایک ٹولی کو ٹاسک فورس نے بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا اور اس ٹولی کی گرفتاری کے بعد پولیس نے دو مقدمات کو حل کرلیا ہے جس میں کاماٹی پورہ کا ایک اور میر پیٹ پولیس اسٹیشن کا ایک مقدمہ شامل ہے۔ ٹاسک فورس پولیس کے مطابق 20سالہ آٹو ڈرائیور شیخ سمیر ساکن یاقوت پورہ، 19سالہ شہباز عرف یسین، 19سالہ سید آصف کے علاوہ ایک کمسن کو بھی گرفتار کرلیا۔ اس ٹولی نے 20 فبروری کو دو مقامات پر عوام کو لوٹا تھا۔ میر پیٹ پولیس کی جانب سے چوکسی پر ساؤتھ زون پولیس نے کاماٹی پورہ کے واقعہ کا جائزہ لیکر اس جانب تحقیقات کا آغاز کرتے ہوئے اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔