حیدرآباد /25 جنوری ( سیاست نیوز ) خاتون ایڈوکیٹ کا سامان لوٹنے والے ایک آٹو ڈرائیور کو پولیس چیتنیہ پوری نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس کے مطابق 26 سالہ آٹو ڈرائیور ای راملو کو گرفتار کرلیا گیا ہے جو گرین ہلز کالونی کتہ پیٹ میں رہتا تھا ۔ پولیس کے مطابق یہ آٹو ڈرائیور پولیس کو مطلوب تھا جو تلاشی مہم کے دوران گرفتار کرلیا گیا جس کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی گئی تھی ۔ گذشتہ ہفتہ آٹو ڈرائیور راملو نے واسوی کالونی سے ایک خاتون ایڈوکیٹ سرسوتی اور اس کے شوہر کو آٹو میں سوار کیا تھا اور انہیں مندر لے جانے کے بعد ان کے سامان کا سرقہ کرلیا تھا ۔ جیسے ہی خاتون ایڈوکیٹ اور اس کا شوہر آٹو سے اتر کر مندر گئے اس دوران آٹو ڈرائیور راملو نے آٹو میں موجود اس جوڑے کا سامان لیکر فراری اختیار کرلی ۔ پولیس نے علاقہ میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اس شخص کی شناخت کی اور گرفتار کرتے ہوئے اس کے قبضہ سے 192 گرام طلائی زیورات اور دیگر اشیاء جس کی کل مالیت 5 لاکھ 8 ہزار روپئے بتائی گئی ہے ۔ ضبط کرلیا ۔