مساجد و عیدگاہوں کے پاس خصوصی انتظامات

میدک 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدالفطر کے پیش نظر صدرنشین بلدیہ میدک مسٹر اے ملکارجن گوڑ نے بلدی انجینئر مسٹر چیرنجوی، انچارج سنیٹری انسپکٹر مسٹر جیون کے ہمراہ عیدگاہ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ مسٹر ملکارجن گوڑ نے عیدگاہ میدان میں نمائندہ سیاست مسٹر محمد فاروق حسین سے بات چیت کرتے ہوئے مسلمانان میدک کو عیدالفطر کی پیشگی مبارکباد دی اور کہاکہ امسال عیدالفطر کو خصوصیت حاصل ہے کیونکہ یہ عیدالفطر ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد پہلی عید ہے۔ اُنھوں نے بلدی عملہ سے کہاکہ عید کے دو دن قبل عیدگاہ میں صاف صفائی کے کام انجام دیں۔ اُنھوں نے کہاکہ عبادت کرنے والے مسلم بھائیوں کو کسی قسم کی مشکلات نہ ہوں۔ مسٹر ملکارجن گوڑ نے کہاکہ عیدگاہ کے سارے میدان کو مسطح کردی اور اسٹون پاؤڈر پھیلادیں اور کہاکہ عید کے دن بلدیہ کی جانب سے نماز عید ادا کرنے کیلئے وضو کیلئے واٹر ٹینکر رکھیں۔ علاوہ ازیں اُنھوں نے ٹاؤن کی دیگر مساجد ، جامع مسجد، مسجد ولی شاہ، قوت الاسلام اور رحیم آباد مسجد کے اطراف و اکناف تمام نالیوں کی صفائی کرنے کی ہدایت بھی دی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ انجینئرٹرانسکو مسٹر رمیش کے علاوہ نائب صدر عیدگاہ کمیٹی جناب محمد عارف حسین، بلدی کونسلرس کے ایس محی الدین، ایم اے سلام، ٹی آر ایس قائدین مسرز سید صفدر علی، مرزا سلیم بیگ پٹیل، محمد اقبال، بالراج، سردار خان، واٹر پلانٹ ٹیکنیشن محمد غوث بھی موجود تھے۔