مساجد و درگاہوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے نمائندگی

بودھن۔/27جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر ضلع وقف بورڈ کمیٹی نظام آباد جناب جاوید اکرم نے کل شام گورنمنٹ وہپ ورکن اسمبلی بودھن جناب محمد شکیل کی رہائش گاہ واقع اچن پلی بودھن پر ان سے ملاقات کرتے ہوئے بتایاکہ نو تشکیل ریاست تلنگانہ سے حکومت کو سالانہ ضلع نظام آباد سے تقریباً چار کروڑ روپئے آمدنی ہوتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابقہ متحدہ ریاست میں ضلع نظام آباد میں وقف جائیدادوں کے تحفظ اور دیگر مذہبی امور کی تکمیل کیلئے سالانہ وقف بورڈ سے صرف 50لاکھ روپئے رقم کی اجرائی عمل میں آتی رہی جو ضلع کی قدیم مساجد و درگاہوں کی تعمیر و مرمت و آہک پاشی کیلئے بھی ناکافی ہوتی ہے۔ جناب جاوید نے کہا کہ ضلع نظام آباد سے وقف بورڈ کو حاصل ہونے والی آمدنی میں سے اگر نصف رقم بھی ضلع کے اوقافی جائیدادوں پر خرچ کئے جائیں تو مساجد درگاہیں پررونق نظر آئیں گی۔ جناب شکیل عامر نے صدر ضلع وقف کمیٹی کی جانب سے پیش کئے گئے مسائل و تجاویز کی بغور سماعت کے بعد انہوں نے صدر ضلع کو تیقن دیا کہ وہ ان کی طرف سے پیش کئے گئے تجاویز کو حکومت تک پہنچائیں گے ۔ جناب شکیل نے کہا کہ ماہ صیام آمد سے قبل ضلع کلکٹر نظام آباد کے ساتھ ضلع سطح کے جائزہ ااجلاس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے جس میں ماہ رمضان میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کیلئے موثر اقدامات کے تعلق سے دیہی سطح کے عہدیداروں کو ہدایتں دی جائیں گی۔ جناب شکیل نے کہا کہ اس اجلاس میں اوقافی جائیدادوں اور مساجد و درگاہوں کی آہک پاشی و حفاظت پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ جناب شکیل نے ان کے حلقہ اسمبلی بودھن کے رنجل منڈل و دیگر مواضعات میں عید گاہوں کی تعمیر و مرمت کیلئے 15لاکھ روپئے وقف بورڈ کی جانب سے منظور کئے جانے پر اظہار اطمینان کیا۔ قبل ازیں جناب جاوید اکرم نے جناب محمد شکیل عامر کو وہپ نامزد کئے جانے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی گلپوشی کی۔