مساجد سے تعلق کو مضبوط بنانے کی تلقین

جگتیال۔ 4جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مساجد سے جس گھرانے کا تعلق رہے گا اس گھر کی نسلوں میں دین باقی رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار مفتی سید سلمان منصور پوری مرآدآباد نے مسجد پرانی پیٹ جگتیال کی تعمیر جدید کے افتتاحی جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے نماز مغرب کی امامت کرتے ہوئے تعمیر جدید مسجد پرانی پیٹ کا افتتاح انجام دیا ۔ اس موقع پر جلسہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مساجد اللہ کے گھر ہیں ۔ یہاں پر اللہ کی نورانی مخلوق رہتی ہے ‘ وہ فرشتے ہیں اور بازار اور گندے مقامات شیاطین کے اڈے ہوتے ہیں ۔ ہر مسلمان کا تعلق مسجد سے مضبوط ہونا چاہیئے اور اس کے گھروں کا نظم و ضبط مساجد سے ہونا چاہیئے ۔ مساجد اسلامی مراکز ہیں جس کو نمازیوں سے آباد رکھیں ۔ مساجد کی خوبصورتی صرف ظاہری ہے باطینی ہونی چاہیئے ۔ مسجد نمازیوں سے ہمیشہ آباد رہے ۔ بستی میں ایک گھر کا بالغ انسان بھی بے نمازی نہ ہو ۔ مسجد میں آکر خاموش بیٹھنا بھی ایک عبادت اور مغفرت کا ذریعہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مسلمانوں میں مساجد سے لگاؤ ہورہا ہے ‘ ایک بابری مسجد جو شہید ہوئی اللہ تعالیٰ نے لاکھوں مساجد تعمیر کروائے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ گھر کی تعمیر کرنے والوں کو جنت میں گھر کی تعمیر کا وعدہ ہے ۔ جلسہ کی صدارت حافظ شیخ سرور نے کی ۔ مہمان مقرر مفتی غیاث الدین ناظم مدرسہ حفظ القرآن کریم نگر نے مخاطب کیا ۔ اس موقع پر انتظامیہ کمیٹی صدر سید مجیب اور امام و خطیب مسجد پرانی پیٹ سید ابرار نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ مفتی سید سلمان منصور پوری نے سابق صدر عبدالمجاہد عادل سے خصوصی ملاقات کرتے ہوئے دو سالہ صدر صدارت میں جدید تعمیر کی خدمات پر ستائش کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر جلسہ میں کثیر تعداد موجود تھی ۔