مسابقہ قرأت قرآن پاک کا 24 ، 25 جنوری کو انعقاد

ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے
حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : شہر حیدرآباد کی معروف درس گاہ شرفیہ تجوید و قرات حفظ اکیڈیمی اینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام تیسرا سالانہ دو روزہ ریاستی مسابقہ حسن قرات قرآن کریم 2015 کا 24 اور 25 جنوری ہفتہ اور اتوار بوقت صبح 8 بجے تا شام 8 بجے بمقام آفیسرس میس واقع اکبر باغ ملک پیٹ منعقد ہوگا ۔ جس میں ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمد محمود علی بحیثیت مہمان خصوصی کے علاوہ دیگر محترم و معزز شخصیتوں کی کثیر تعداد شرکت کرے گی ۔ اس بات کا اعلان آج یہاں صدر شرفیہ تجوید و قرات حفظ اکیڈیمی اینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ حافظ و قاری مولانا نصیر الدین ال منشاوی سکریٹری جنرل حافظ و قاری مولانا محمد ظہیر الدین ، مینجنگ ڈائرکٹر محمد خان جویلرس ڈاکٹر نعمت اللہ خاں نے منعقدہ پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منعقدہ دو روزہ ریاستی مسابقہ حسن قرات قرآن کریم میں حصہ لینے والوں کو تین حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے جن میں بچوں کے 7 سے 15 سال عمر ، مرد حضرات میں 16 تا 35 سال اور خواتین کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ۔ اس طرح سے تین گروپس میں تقسیم کرتے ہوئے فی گروپ انعام اول 10 ہزار ، انعام دوم 7 ہزار اور انعام سوم 5 ہزار کے علاوہ تینوں گروپوں میں دیگر 20 ترغیبی انعامات عطا کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں مسابقہ میں شرکت کرنے والے ہر طالب علم اور فرد کو مایوس نہیں کیا جائے گا بلکہ انہیں بھی انعامات اور توصیف نامے دئیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تجوید و قرات اکیڈیمی اینڈ ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا مقصد قرآن مجید کی تلاوت معہ تجوید و قرات کی ہر مسلمان مرد اور عورت تک رسائی کو یقینی بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ الحمدﷲ گذشتہ تین برسوں سے حفظ اکیڈیمی اپنی بہترین خدمات میں کامیابی کے ساتھ رواں دواں ہے ۔ اس موقع پر باڈی بلڈر میر محتشم علی خاں ، حافظ و قاری مولانا محمد شعیب شرف الدین ، مالک ایس آر زیڈ انٹرپرائزس مسٹر محمد عبدالرحمن بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں اس موقع پر مینجنگ ڈائرکٹر محمد خاں جویلرس ڈاکٹر نعمت اللہ خاں نے تیسرا سالانہ دو روزہ ریاستی مسابقہ حسن قرات قرآن کریم 2015 کے بروچرس کی رسم اجرائی انجام دیا ۔۔