پولیس میں بھرتی کیلئے ٹریننگ پروگرام سے میونسپل ایڈیشنل کمشنرورنگل شاہد مسعود کا خطاب
ہنمکنڈہ /13 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مسلم نوجوان احساس کمتری کا شکار نہ ہوں ۔ مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کریں ۔ تندرسگی کا خاص خیال رکھیں ۔ ان خیالات کا اظہار گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن ایڈیشنل کمشنر جناب شاہد مسعود نے ہیومن ویلفیر فاؤنڈیشن کی جانب سے سٹی فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل میں پولیس میں بھرتی کیلئے منعقدہ پروگرام کے افتتاحی جلسہ کے موقع پر کیا ۔ جلسہ کی صدارت جناب محمد خالد سعید کیمپ کنوینر نے کی ۔ جبکہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا ملک معتصم خان سابق امیر حلقہ جماعت اسلامی ، محمد ذکی الدین ، ڈاکٹر انیس احمد صدیقی صدر شانتی سنگھم ورنگل ، مولانا رحمت اللہ شریف ، ڈاکٹر رضا ملک اور دیگر شہ نشین پر موجود تھے ۔ جناب شاہد مسعود ، مولانا ملک معتصم خان نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ آج کے مسابقتی دور میں مسلم نوجوان اپنے آپ کو تیار رکھیں۔ ہمیشہ دیکھا جارہا ہے کہ کئی نوجوانوں کی اکثریت احساس کمتری کا شکار ہو رہی ہے ۔ ہمیں اس کمزوری کو دور کرنے کی شدید ضرورت ہے ۔ نوجوانوں میں قابلیت کی کمی نہیں ہیں بلکہ معلومات کی کمی کی وجہ سے ہم ہر شعبہ حیات میں پیچھے ہیں ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے مختلف محکموں میں تقررات ہونے جارہے ہیں ۔ جن میں سب سے پہلے محکمہ پولیس میں بھی بڑے پیمانے پر تقررات ہوں گے ۔ یقیناً ستائش کے مستحق ہیں وہ لوگ جو اس محکمہ میں مسلم نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ بھرتی کیلئے اس طرح کا تربیتی کیمپ منعقد کرنے کا بیڑا اٹھایا ۔ پولیس تربیتی کیمپ کنوینر جناب خالد سعید نے بتایا کہ ورنگل کے مسلم نوجوان کیلئے مفت تربیت دی جائے گی ۔ بعد فجر اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں فٹنس ٹریننگ قابل تجربہ کار اساتذہ کی نگرانی میں دی جائے گی اور شام میں تحریری امتحان کی تیاری کیلئے اسلامک انفارمیشن سنٹر پوچماں میدان ورنگل میں کوچنگ دی جائے گی ۔ مسلم نوجوان اس کیمپ میں حصہ لیتے ہوئے سخت محنت اور لگن کے ساتھ ساتھ آگے بڑھتے ہوئے محکمہ پولیس میں اپنی بھرتی کو یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر جناب صفدر بیگ ، محمد معز الدین ، محمد زبیر ، محمد حبیب الدین ، ڈاکٹر مظہر الدین ، محمد یوسف ، محمد مختار ، محمد طاہر اور دیگر موجود تھے ۔ ڈاکٹر کامران صدیقی نے پولیس میں بھرتی تربیتی کیمپ میں حصہ لینے والے نوجوانوں کا معائنہ کیا ۔ اسٹوڈنٹس اسلامک آرگنائزیشن کے کارکنوں اور دیگر عہدیداران ملت نے اس کیمپ کو منعقد کرنے میں سرگرم رہے ۔