مسابقتی دور میں تعلیم ہر فرد کیلئے بے حد ضروری

کوڑنگل۔ 6 جون (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے نمائندہ منڈل دولت آباد میں آج صبح 10 بجے اپر پرائمری اسکولس اردو میڈیم میں بڑے پیمانے پر معززین کی جانب سے فراہم کردہ اسکولی بیاگس، نوٹ بکس اور سلیٹس وغیرہ کی تقسیم عمل میں آئی جس کے ساتھ ہی تعلیم کی اہمیت کے زیرعنوان جلسہ منعقد ہوا۔ مددگار مدرسہ ہذا مسٹر خان اکرم درانی نے جلسہ کی صدارت کی اور کارروائی چلائی۔ مسرز عبدالرؤف لیگل اڈوائزر ڈی جی پی حیدرآباد، ابوطیب موظف ایس ٹی او، حافظ محمد یوسف صدر منڈل ٹی ڈی پی کوڑنگل، شیخ محبوب، محمد عبداللہ، نارائنا، سی آر پی اور نریندر ریڈی وغیرہ نے بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کی۔ جناب عبدالرؤف نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اولیاء طلبہ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اردو زبان ہماری زبان ہے اور ہماری تاریخ و تہذیب کی ترجمان ہے۔ اردو سے واقفیت کے بغیر تاریخ و تہذیب سے واقفیت ناممکن ہے۔ موصوف نے مزید کہا کہ مرد کی تعلیم فرد کی تعلیم ہے۔ لڑکی کی تعلیم کنبہ کی تعلیم ہے۔ موجودہ مسابقتی دور میں تعلیم ہر فرد کیلئے بے حد ضروری ہے، کیونکہ تعلیم کے بغیر کوئی انسان دنیا کے کسی بھی شعبہ میں ترقی حاصل نہیں کرسکتا۔ مسٹر حافظ محمد یوسف نے اپنی مخاطبت میں اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کے معیار کو سنوارنے کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں۔ طلبہ برادری کو مشورہ دیا کہ وہ حصول علم کے لئے کوئی کسر باقی نہ رکھیں۔ تعلیم سے انسان کی زندگی میں اجالا ہوجاتا ہے جبکہ ناخواندہ افراد کی زندگی اندھیروں کے مماثل ہوجاتی ہے۔ طلبہ کو چاہئے کہ وہ اپنے والدین، اساتذہ، مدرسہ اور وطن کا نام روشن کریں۔ موصوف نے مزید کہا کہ تعلیم کی روشنی سے زندگی تابناک ہوجاتی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرتے ہوئے اپنے نونہالوں کو تعلیم کی جانب راغب کرتے ہوئے ان کے مستقبل کو سنواریں۔ مسٹر نارائنا نے بھی مخاطب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مسٹر خان اکرم درانی نے شکریہ ادا کیا۔