مسابقتی دور میںمحنت و جستجو ضروری

سدی پیٹ ۔ 17ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ایس کے ایجوکیشن سوسائٹی چیرپرسن جناب سید خورشید احمد نے کل میدک انجنیئرنگ کالج میں منعقدہ 13واں اورینٹل پروگرام سال نو میں (تعلیمی سال) میں داخلہ لیتے ہوئے طلباء وطالبات سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں 2میناریٹیز کالجوں کو JNTUH سے الحاق حاصل ہوا ‘ جس میں ایک میدک انجنیئرنگ کالج واقع کنڈاپاک منڈل ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انجنیئرنگ کا ہرشعبہ اہمیت رکھتا ہے ۔طالب علم کو چاہیئے کہ اپنی پسند سے جو شعبہ اختیار کیا اس شعبہ میں مہارت حاصل کرے ۔ اس مسابقتی دور میں محنت و دلچسپی سے پڑھنے والا طالب علم ہی اونچا مقام ‘ اپنی منزل کو حاصل کرسکتا ہے ۔ کالج ہذا کے وائس چیرپرسن جناب سید ارشاد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ کالج ہذا میں تعلیم حاصل کرنے والے طالب علموں کو تمام سہولیتا فراہم کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کالج میں طلبہ میں ریگنگ کا کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔ اولیائے طلبہ اطمینان رکھیں ۔ پرنسپل رام کرشنا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کالج ہذا میں سینئرتجربہ کار فیکلٹیز کی خدمات حاصل ہیں ۔ بدلتے وقت کے ساتھ ساتھ انگریزی تعلیم کی اہمیت کو جانتے ہوئے اس زبان پر مہارت حاصل کرنا اشد ضروری ہے ۔ اس کے پیش نظر کالج کے انتظامیہ نے کالج میں خصوصی طور پر انگلش زبان پر عبور حاصل کرنے کے تحریری و تقریری انگلش کے خصوصی کلاسیس کا نظم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کالج میں کیمپس سلکشن میں ہر طالب علم اپنے آپ منتخب ہوسکتا ہے جبکہ وہ اپنے شعبہ میں اپنے مضمون میںمکمل عبور حاصل کرچکا ہو ۔ اس سے استفادہ حاصل کرنے کیلئے محنت ‘ دلچسپی سے تعلیم حاصل کرے ۔ اولیائے طلبہ بھی اپنے نونہالوں کی ہمت افزائی کے ساتھ ساتھ ان کا تعاون کریں تاکہ وہ اپنی منزل مقصود حاصل کرنے تک پیچھے مُڑ کر نہ دیکھیں ۔ انہوں نے تقریر جاری رکھتے ہوئے طلبہ کو تلقین کی کہ والدین کی امیدوں پر کھرا اتریں ۔ پروفیسر رمیش ‘ پروفیسر لکشمن ‘ پروفیسر زین الدین اور پروفیسر کلیم الدین نے جلسہ کو مخاطب کیا ۔ اس موقع پر حاجی باشاہ ‘ جاوید موجود تھے ۔