منااکھیلی؍17جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ))سخت محنت اور ریاضت ، یکسوئی ، وقت کے بہتر استعمال کے ذریعہ ہی انڈین اڈمنسٹریشن سرویسس (آئی اے ایس) امتحان میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔ یہ بات علاقائی کمشنر املان آدتیہ بسواس نے کہی۔ وہ کل بسواکلیان کے مسافر بنگلہ میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے آئی اے ایس امتحانات کی قبل ازتیاری کے ضمن میں دی جارہی تربیت کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ مقابلہ جاتی امتحانات کے لئے امیدوار کو عام معلومات ہوناچاہیے۔ کس موقع پر کیاکرناہوگا اس کاعلم بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر پی سی جعفر ڈپٹی کمشنر بیدر نے اپنے خطاب میں بتایاکہ کام سے متعلق جوش ، اور عقیدت ، اور فرض شناسی کا ہونا لازمی ہے۔ ہدف رکھ کر تیاری کی جائے۔ علاقہ حیدرآباد کرناٹک میں مقابلہ جاتی امتحانات سے متعلق کوئی بات دیکھنے کو نہیںملتی ۔ یہاں دہم جماعت کے نتائج انتہائی کم ہوتے ہیں ۔ جبکہ یہاں تعلیمی ماحول کی ضرورت ہے۔ انھوں نے بتایاکہ بڑے شہروں میں آئی اے ایس امتحانات کی کوچنگ کے لئے دولاکھ روپئے تک خرچ آتاہے۔ یہاں ضلع انتظامیہ نے مفت تربیت کا اہتمام کیاہے جس سے فائدہ اٹھاناچاہیے۔ اس کوچنگ کے اختتام پرہمیں امید ہے کہ آپ تمام کی معلومات میں کافی اضافہ ہوگا اور آئی اے ایس امتحان دیتے ہوئے یہاں کی تربیت آپ کے کام آئے گی ۔اسسٹنٹ کمشنر حبشی بارانی کورلاپاٹی نے استقبالیہ کلمات کہے۔ اجول کمارگھوش ضلع پنچایت سی ای او، سدھیر کمار ریڈی ایس پی بیدر ، شہ نشین پر موجودتھے۔جناب عبدالقدیر سکریڑی شاہین ادارہ جات شریک تقریب رہے۔ ڈاکٹر رویندر نارائن پور نے اظہارتشکر کیا۔واضح رہے کہ یہاں ضلع انتظامیہ 51امیدواروں کو 45دن کی مفت کوچنگ دے گا۔