پٹنہ ،30مارچ (سیاست ڈاٹ کام)بہار اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر تیجسوی یادونے ریاست کے کئی اضلاع میں حالیہ تشددکے لئے بھارتیہ جنتاپارٹی (بی جے پی )کو ذمہ دار قراردیا اورکہا کہ روزگار سمیت دیگر اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے ایسا کیا جارہاہے ۔ یادو نے آج ایک کے بعد ایک کئی ٹویٹ کرکے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا،”ہم نوجوانوں کو ملازمت اور بے روزگاروں کوروزگار دینے کی بات کرتے ہیں تو بی جے پی توجہ ہٹانے کے لئے تشدد بھڑکاتی ہے ۔”انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو بتانا چاہئے کہ انھوں نے بی جے پی کے منشور میں کئے گئے کتنے وعدے ابھی تک پورے کئے ہیں ۔وزیراعظم بتائیں کہ آخر انھوں نے نوجوانوں کو دھوکہ کیوں دیا۔ ایک دیگر ٹویٹ میں یادو نے کہا ،’’میری بہار کے سبھی دلت ،مہادلت ،پسماندہ اور انتہائی پسماندہ طبقات کے بھائیوں سے گزارش ہے کہ وہ جاگیرداروں کا مہرہ بننے سے بچیں ۔وہ سبھی پسماندہ ہندؤوں کو لڑاکر اقتدار پر قبضہ کرکے منووادی اور برہمن وادی نظام کو پوری جارحیت کے ساتھ نافذ کرنا چاہتے ہیں ۔انکے ناپاک عزائم سے محتاط رہنا ہوگا۔سبھی کو ملکر پر امن طریقہ سے رہناہے کیونکہ ذات پات اور نسل پرست سنگھی ہمیں تقسیم کرکے حکومت کرناچاہتے ہیں ۔یہ ہمارے حقوق پر بات نہیں کرنا چاہتے بلکہ ہمیں دوسرے معاملات میں الجھائے رکھنا چاہتے ہیں ۔‘‘
”