مسائل حل کرنے میں سدارامیایکسر ناکام

بیدر۔23؍جولائی۔(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔سابق مرکزی وزیر جناب سی کے جعفر شریف نے چیف منسٹر سدارامیا کو بہترین انتظامیہ دے کر کانگریس کو دوبارہ اقتدار میں لانے کی کوشش کرنے کا مشورہ دیا۔ انھوں نے پارلیمنٹ میں کانگریس کے لیڈر مسٹرملیکارجن کھرگے کی زندگی پر مبنی ایک کتاب جاری کرنے کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب سدارامیا چیف منسٹر بنے تھے تب عوام کو ان پر کافی اعتماد تھا ‘لیکن عوام کا یقین اب ٹوٹ رہا ہے۔سدارامیا نے کئی وعدے ہی پورے نہیں کئے۔ریاست میں ان دنوں پولیس افسران کی خودکشی اور ہراساں کے واقعات سامنے آنے سے یہی ثابت ہوتا ہے کہ حکومت کا پولیس محکمہ پر کنٹرول نہیں ہے۔تمام محکمہ جات میں کرپشن عروج پر ہے۔ بغیر رشوت کے کوئی کام نہیں ہوتا۔ سرکاری دواخانوں میں بھی بغیر رشوت کام نہیں ہوتا ‘انھوں نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سدارامیا حکومت نے بد عنوانیوں کو فروغ دینے کیلئے صرف اینٹی کرپشن بیورو کا قیام کیا ہے۔ریاست کی ایک یا دو نہیں متعدد مسائل ہیں ۔ان مسائل کو حل کرنے میں سدارامیا پوری طرح ناکام رہے ہیں ۔اگر حکومت اسی طرح کام کرتی رہی تو آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کا صفایا طے ہے۔ ریاست میں کانگریس کو ختم کرنے کیلئے بی جے پی یا کسی دوسری سیاسی پارٹی کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ کام خود سدارامیا ہی کررہے ہیں ۔ انھوں نے الزام لگایا کہ سدارامیا کوئی بھی فیصلہ لینے سے قبل کسی کو اعتماد میں نہیں لیتے۔ ہمیشہ یک طرفہ فیصلہ لیتے ہیں ۔اگر انھوں نے بڑے معاملات میں پارٹی کے سنئیر قائدین کی تجویز لی ہوتی تو آج سدارامیا بہت سے مسائل سے گھرے نہیں ہوتے۔ سدارامیا نے کئی ایماندار ارکان کو کابینہ سے نکال کر غیر تجربہ کار ارکان کو کابینہ میں شامل کرلیا ہے ۔ کابینہ میں توسیع کرنے سے ریاست میں کوئی نئی تبدیلی نہیں ہوگی۔اگر سدارامیا اگلے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کو اقتدار میں لانا چاہتے ہیں تو انھیں سب کا تعاون لینا ہوگا ۔اس موقع پر وزیر داخلہ ڈاکٹر جی پرمیشور ‘کتاب کے پبلیشر ڈاکٹر آنند کمار‘ پریس کلب کے صدر مسٹر بھاسکر اور دیگر موجود تھے ۔