مزید فلسطینیوں کی رہائی سے اسرائیل کا انکار

تل ابیب ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل نے دو ٹوک انداز میں فلسطینی اسیران کی چوتھی کھیپ کو امن مذاکرات کے سلسلے میں رہا کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ یہ بات ایک سینئیر فلسطینی رہنما نے بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل نے اس بارے میں فلسطینی حکام کو بھی بالواسطہ آگاہ کر دیا ہے کہ مزید رہائیوں کی توقع نہ کی جائے۔فلسطینی رہنما جبریل رجب کا کہنا ہے ” اسرائیلی حکومت نے یہ انکار امریکی مذاکرات کار کے ذریعے کیا ہے” کہ اسرائیل امن مذاکرات کے سلسلے میں اپنے وعدے کے مطابق مزید رہائیاں نہیں کرے گا۔” فلسطینی رہنما نے بتایا ” فلسطینی اسیران کی چوتھی کھیپ کی رہائی طے شدہ شیڈول کے تحت 29 مارچ کو متوقع تھی۔”جبریل رجب نے کہا ”اسرائیل نے اس بات سے انکار کر دیا ہے کہ 1993 میں اوسلو معاہدہ ہونے سے پہلے قید کیے گئے فلسطینیوں کو وعدے کے مطابق چھوڑ دے گا۔” واضح رہے امریکی تعاون سے جولائی 2013 سے از سر نو شروع ہونے والے امن مذاکرات کے حوالے سے اسرائیل نے تسلیم کیا تھا کہ اوسلو سے پہلے کے اسیران میں سے 104 فلسطینیوں کو رہائی دے گا۔اب تک ان 104 میں سے 78 اسیران کو رہا کیا گیا ہے۔ تاہم اسرائیلی حکام نے بقیہ اسیران کے بارے میں براہ راست کچھ کہنے سے فی الحال گریز کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔ البتہ اسرائیلی وزراء کا کہنا ہے کہ قیدیوں کی رہائی امن مذاکرات میں مشروط تھی۔