مزید جہیز کی ہراسانی کرتے ہوئے خاتون کا قتل

شمس آباد ۔ /19 مئی (سیاست نیوز) شمس آباد کے علاقہ آر بی نگر میں خاتون کو مزید جہیز کی ہراسانی کرتے ہوئے قتل کردیا گیا ۔ تفصیلات کے بموجب اکشتا ریڈی 25 سالہ پیشہ خانگی ٹیچر ساکن ابراہیم پٹنم کی شادی اگست 2017 ء میں راگھا ویندرا ریڈی ایڈوکیٹ ساکن آر بی نگر شمس آباد سے ہوئی ۔ شادی میں 50 لاکھ روپئے دیئے گئے تھے ۔ آر بی نگر کے مکان میں اکشتا کی نعش فیان سے لٹکی ہوئی پائی گئی جو خودکشی نظر آرہی تھی لیکن لڑکی کے والدین نے الزام عائد کیا کہ مزید جہیز کی ہراسانی کیلئے شوہر راگھاویندرا ریڈی‘ ساس ‘ سسر و دیگر دو افراد مزید جہیز کے لئے مسلسل ہراسانی کررہے تھے ۔ مزید رقم نہ دینے پر لڑکی کو کئی مرتبہ زدوکوب بھی کیا گیا تھا لیکن کل رات گھر والوں نے ملکر اکشتا کا قتل کرکے پھانسی پر لٹکا دیا اور خودکشی ظاہر کرنے کی کوشش کررہے تھے ۔ لڑکی کے والدین کی شکایت پر شمس آباد آر جی آئی پولیس نے 302 اور 304B کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے نعش کو بعد پوسٹ مارٹم ورثاء کے حوالہ کردیا ۔ آر جی آئی انسپکٹر وجئے بھاسکر ریڈی اور سب انسپکٹران راگھاویندرا ریڈی کے مکان پہنچ گئے جہاں لڑکی کے افراد خاندان بھی موجود ہیں ۔ اطلاع کے بموجب گزشتہ میں بھی اس خاندان میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا تھا ۔ قتل کی اطلاع ملتے ہی عوام راگھاویندرا ریڈی کے مکان کے قریب جمع ہوگئے جہاں پولیس پکٹ تعینات کردی گئی ہے۔