مزید بارش کی پیش قیاسی شہریوں کو چوکسی کا مشورہ

حیدرآباد۔/31اگسٹ، ( پی ٹی آئی) محکمہ موسمیات نے آئندہ 24تا48 گھنٹوں کے دوران دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر اضلاع میں اوسط یا موسلا دھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے جس کے پیش نظر وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے ٹوئیٹر پر جاری کردہ پیام میں شہریوں کو چوکسی اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے میئر رام موہن راؤ اور کمشنر جناردھن ریڈی کے ساتھ وہ شہر میں بارش سے پیدا شدہ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

آندھرا میں بارش
دریائے کرشنا لبریز
وجئے واڑہ۔/31اگسٹ، ( پی ٹی آئی) آندھرا پردیش کے بنجر و سنگلاخ علاقہ رائلسیما میں گزشتہ دو دن سے جاری موسلادھار بارش کے سبب بدترین خشک سالی سے راحت کی اُمیدوں کو تقویت مل گئی ہے لیکن اس بارش کے سبب دو دن سے عام زندگی بری طرح مفلوج رہی ہے۔ ایک سال کے دوران پہلی مرتبہ دریائے کرشنا اور اس کی معاون ندیوں کی سطح آب لبریز ہوچکی ہے۔ وجئے واڑہ میں پرکاشم بیاریج کی سطح آب لبریز ہوچکی ہے۔ وجئے واڑہ میں پرکاشم بیاریج کی سطح آب میں مسلسل اضافہ سے صورتحال تشویشناک ہوگئی ہے۔
ڈاکٹر کے ایل راؤ ساگر پولی چنتلا پراجکٹ، پرکاشم بیاریج میں بھی ناگرجنا ساگر ذخیرہ آب سے کافی پانی جمع ہوگیا ہے۔ چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو اننت پور میں خشک سالی سے نمٹنے کے انتظامات کی راست نگرانی کررہے ہیں آج اس علاقہ کا فضائی سروے کیا۔ رائلسیما کے چار اضلاع کے منجملہ کرنول میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ آٹھ سنٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔