مزدوروں کے مفادات کی حفاظت مودی حکومت کی ترجیح:دتاتریہ

نئی دہلی، یکم،مئی (سیاست ڈاٹ کام)لیبر اور روزگار کے مرکزی وزیر بنڈارو دتاتریہ نے مزدوروں کے مفاد میں لیبر اصلاحات کو نریندر مودي حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے آج کہا کہ پارلیمنٹ کے آئندہ سیشن میں لیبر اور مزدوروں کی فلاح و بہبود سے متعلق بل کو منظور کرانے کی پوری کوشش کی جائے گی۔مسٹر دتاتریہ نے بین الاقوامی یوم مزدور کے موقع پر منعقد ایک تقریب میں کہا کہ مودی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد مزدوروں اور کارکنوں کے مفادات کے تحفظ کے لئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔حکومت نے زچگی کی چھٹی سے متعلق قانون بنایا ہے ۔ زچگی کی چھٹی کے تحت چھ ماہ کی چھٹی دینے والا ہندوستان دنیا میں تیسرا اور برکس ممالک میں پہلا ملک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بچہ مزدوری اوربونس سے متعلق قانون بھی اہم ہے ۔ حکومت ملک بھر میں کم از کم اجرت لاگو کرنے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کے بعد کسی بھی میں ریاست اس سے کم اجرت ادا نہیں کی جا سکے گی۔انہوں نے کہا کہ لیبر اصلاحات اور ورکرز ویلفیئر سے متعلق کچھ بل پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں زیر التوا ہیں ۔اس کے علاوہ لیبر پروٹکشن کوڈ کو جلد ہی کابینہ کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔