مزدوروں کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کا مطالبہ

بودھن 28 اگسٹ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آج بودھن میں مختلف مزدور یونینوں سے وابستہ قائدین اور سرگرم کارکنوں نے بودھن شہر کے شکر نگر چوراہا تا برائے امبیڈکر چوراہا آر اینڈ بی گیسٹ ہاؤز تک موٹر سیکل ریالی نکالی۔ بعدازاں یہاں گیسٹ ہاؤز میں کامریڈ گنگادھر اپا ایڈوکیٹ نے صحافیوں سے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ این ڈی اے حکومت میں دن بہ دن اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے لیکن مزدوروں کو اجرت 160 روپئے ہی ادا کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہاکہ کم از کم ماہانہ مزدوری 15 ہزار ادا کی جانی چاہئے اور آؤٹ سورسنگ و کنٹراکٹ لیبر سسٹم کو ختم کرتے ہوئے انھیں مستقل ملازمتیں فراہم کرنا چاہئے اور ریاستی و قومی سرکاری ایجنسیوں میں برسر خدمت عارضی ملازمین کو مستقل ملازمت فراہم کرنا چاہئے اور ہر ایک ملازم و مزدور کو پی ایف اور ای ایس آئی کی سہولت فراہم کرتے ہوئے انھیں ملازمتوں سے سبکدوشی پر وظائف کی اجرائی کو یقینی بنانے قانون نافذ کریں۔ انھوں نے کہاکہ ریاست تلنگانہ میں تاحال 25 صنعتیں بند ہوچکی ہیں اور باقی صنعتوں کا مستقبل بھی خطرہ میں ہے۔ کامریڈ گنگادھر نے کہاکہ مرکزی این ڈی اے حکومت کی مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف 2 سپٹمبر کو قومی سطح پر ایک روزہ ہڑتال کا فیصلہ کیا گیا۔ اس دن ریاست تلنگانہ کے تمام صنعتی مزدوروں و بینکس کے علاوہ سرکاری سیکٹرس میں خدمت انجام دینے والے ملازمین ایک روزہ ہڑتال میں حصہ لیں گے۔ اس پریس کانفرنس میں کامریڈ یو گنگادھر، شنکر گوڑ ، کمار سوامی، راگھولو کے علاوہ سی آئی ٹی یو، آئی این ٹی یو سی، اے آئی ٹی یو سی، ایچ ایم ایس، بی ایم ایس، اے آئی یو ٹی یو سی، آئی ایف ٹی یو، ٹی آر ایس کے وی، ٹی این ٹی یو سی کے قائدین موجود تھے۔