کریم نگر۔/31جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مرکزی و ریاستی حکومتوں کے عوام مخالف طرز عمل پر کمیونسٹ پارٹی کارکن احتجاجی پروگراموں کیلئے کمر کس لیں۔ بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے اس خواہش کا اظہار کیا۔ کریم نگر کے ای ایس فنکشن ہال میں منعقدہ سی پی آئی کی جاری ضلع مہا سبھا میں دوسرے دن وظیفہ یاب پرنسپال جی لکشمی نارائنا نے پارٹی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں منعقدہ مہا سبھا میں چاڈا وینکٹ ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرکے احتجاجی پروگراموں کے انعقاد کا منصوبہ بنانے کیلئے اس مہا سبھا سے بہت مدد ملے گی۔ اس مہا سبھا کی روشنی میں پارٹی پرجا سنگھموں کی تعمیر ہوگی۔ 7مارچ سے 10مارچ تک کھمم میں تلنگانہ کی پہلی مہا سبھا کا انعقاد ہوگا۔ سی پی آئی پارٹی بین الاقوامی سطح پر شہرت پاچکی ہے سبھی ملکوں کی بائیں بازو کی جماعتوں سے تعلق پیدا ہوچکا ہے، اس ملک میں بائیں بازو کی تمام جماعتوں سے اتحاد پیدا کرکے متحد ہونے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ نے دنیا بھر میں اپنی بڑائی منوالی لیکن اب دنیا کے سامنے کھڑے رہنے کا دم نہیں ہے یہی موقع ہے امریکہ کی غنڈہ گردی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہونے کا اور احتجاجی مظاہرے کرنے کی ضرورت ہے۔ مرکز مذہب تبدیلی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے عوام کی یکجہتی کو تباہ کررہا ہے ، ہندوستانیوں کے آپسی اتحادو محبت اخوت میں اختلافات پیدا کیا جارہا ہے۔ مزدوروں کے حقوق کو پیروں تلے روندرہی ہے، بیرونی سرمایہ داروں اور صنعت کاروں اور اداروں کو ملک میں سرمایہ کاری کی اجازت دیتے ہوئے ملک کی پیداوار اور یہاں کے قدرتی وسائل کو لوٹ لینے کی اجازت دی جارہی ہے۔علاقائی پارٹیوں کی تعداد میں اضافہ کی وجہ سے سیاسی صورتحال میں بدلاؤ آچکا ہے بدترین صورتحال ہوچکی ہے اور آج سرمایہ دولت مند بدعنوان افراد اقتدار کے حصول کے لئے ہر ممکنہ کوشش کررہے ہیں جس کی وجہ سے سیاست داغدار ہوچکی ہے۔ عوام کی طرف سے صرف کمیونسٹ پارٹی ہی جدوجہد کررہی ہے لیکن کمیونسٹ پارٹی کو اقتدار حاصل نہیں ہورہا ہے ۔ ریاست میں کسان خودکشی کررہے ہیں اور ان کے تباہ حال خاندانوں کی حکومت کوئی مدد نہیں کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہا سبھا میں عوام کی حفاظت و بہبود اور پارٹی کے استحکام کیلئے کمر کس لینی چاہیئے۔ قبل ازیں منعقدہ مہا سبھاؤں اور اس مہا سبھا تک کی گئی جدوجہد آندولن میں فوت ہوئے کارکنوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پہلے روز مہا سبھا میں بیڑی مزدوروں کو وظیفہ دیئے جانے اور زیر التواء آبپاشی پراجکٹوں کی فوری تکمیل کیلئے سنگارینی کوئلہ کی کانوں کو خانگی انتظامیہ کے حوالے کئے جانے کو روک دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے متفقہ طور پر قراردادیں منظور کی گئیں۔ مہا سبھا میں سی پی آئی ریاستی مددگار سکریٹری پلا وینکٹ ریڈی، سابق رکن اسمبلی گنڈہ ملیشم، ارکان عاملہ مرلی وینکٹ سوامی، وائی گٹیا، ضلع سکریٹری ایم نارائنا جوائنٹ سکریٹری، رام گوپال ریڈی، تاڈالا پلی لکشمن و دیگر قائدین و ارکان عاملہ بوئنی اشوک، این رامیا، سی وشواناتھم ، سوملا ملیشم، پی وینکٹ ریڈی، اندے سوامی، پانوگنٹی، محمد مولانا، پی راجو، سی ایچ راجیشم، وی نارائنا، دیاکر ریڈی وغیرہ شریک تھے۔