لیبر اور صنعت کے مفادات کے درمیان توازن برقرار رکھا جائے گا:وزیر لیبر
نئی دہلی۔/24جون، (سیاست ڈاٹ کام )وزیر لیبر نریندر ا سنگھ تومر نے آج کہا کہ این ڈی اے حکومت مزدوروں کی بہبود کو اولین ترجیح دے گی۔ تاہم لیبر اور صنعت کے درمیان مفادات کا توازن برقرار رکھا جائے گا۔ لیبر قوانین میں ترمیم کے ذریعہ ورکنگ کلاس طبقہ کی بہبود کو ذہن میں رکھا گیا ہے۔ وزیر لیبر نے جو سنٹرل ٹریڈ یونین آرگنائزیشن کے نمائندوں سے ملاقات کررہے تھے کہا کہ ان کی حکومت شرموجیتے کے مقصد پر عمل کرنے کی پابند ہے۔ وزیر لیبر نے لیبر اور صنعت کے درمیان توازن برقرار کھنے
حکومت کی ذمہ داری سے متعلق وضاحت کی اور اعادہ کیا کہ لیبر قوانین میں ترمیمات کے دوران ورکنگ کلاس طبقہ کی بہبود کو ذہن میں رکھا جائے گا۔ انہوں نے اس بات چیت کو مثبت اور بامعنی قرار دیا اور کہا کہ ٹریڈ یونینوں کی جانب سے جن مسائل کو اٹھایا گیا ہے وہ سنجیدہ ہیں۔ تومر نے ٹریڈ یونینوں پر زور دیا کہ وہ اپنی تنظیموں کو بنیادی سطح پر مضبوط کریں تاکہ وہ ورکرس کے مفادات میں کام کرسکیں۔ اسی دوران ٹریڈ یونینوں نے بتایا جاتا ہے کہ حکومت سے کہا ہے کہ ان کی آواز متفقہ طور پر ورکرس کی آواز ہے لہذا ان کے مطالبات کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ سابق میں حکومت کی جانب سے کئی تیقنات کے باوجود مطالبات کی یکسوئی نہیں کی گئی۔