فاتح کی لگاتار چھ کامیابیاں، شکست خوردہ کی پانچ ناکامیاں، ملبورن پارک پر عالمی نمبر ایک کھلاڑی کی گرفت
ملبورن۔31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے ایک راست مقابلہ میں غلط نشانوں پر وار کرنے والے اینڈی مرے کے حملوں کو پسپا کرتے ہوئے آج آسٹریلین اوپن فائینل جیت لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ جوکووچ نے نہ صرف اپنے کیریئر کا چھٹواں آسٹریلین اوپن ٹائیٹل جیت لیا بلکہ مردوں کے ٹینس پر اپنی گرفت کو مزید مضبوط کرلیا۔ سربیا کے نوواک جوکووچ نے دو گھنٹے 53 منٹ کے اس کھیل میں اپنے حریف مرے کو 6-1, 7-7, 7-6(7/3) سے شکست دی۔ آسٹریلین اوپن فائنل میں اینڈی مرے کی یہ پانچویں ناکامی ہے۔ جوکووچ نے آج کی کامیابی کے ساتھ اسٹریلیا کے رائے ایمرسن کے ریکارڈ کو مساوی کرلیا۔ ایمرسن نے 1961 اور 1967 کے درمیان چھ مرتبہ اس ٹورنمنٹ میں کامیاب حاصل کیاتھا اور گزشتہ 49 سال کے دوران اس ریکارڈ تک کسی نے بھی رسائی حاصل نہیں کی تھی۔ جوکووچ کا یہ 11 واں گرینڈ سلام ٹائٹل بھی ہے۔ اس طرح وہ راڈلیور اور جورن بورگ کے مقام کے برابر پانچویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔ لیکن 17 کامیابیاں حاصل کرنے والے راجر فیڈرر سے پیچھے ہیں۔ جوکووچ اب ملبورن پارک ہارڈ کورٹ پر اپنا تسلط قائم کرچکے ہیں۔ جہاں انہوں نے 2008ء میں جو ولفرڈ سونگا کو شکست دینے کے بعد اپنے کیریئر کا پہلا اہم خطابی ٹائٹل جیتا تھا۔ 2012ء میں انہوں نے رافل نڈال کو شکست دی تھی۔ بعدازاں 2011 ، 2013، 2015 اور اب 2016ء میں انہوں نے اینڈی مرے کو لگاتار چار مرتبہ شکست دی ہے۔ جوکووچ نے لگاتار 21 میچوں میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے آج گرینڈ سلام ٹائٹل بھی حاصل کرلیا۔ جوکووچ نے آج کی کامیابی کے ساتھ جہاں رائے ایمرسن کے ریکارڈ سے برابری حاصل کی۔ اس کے برخلاف مرے نے اپنی شکست کے ذریعہ ایک ناپسندیدہ ریکارڈ بنایا جو ٹینس اوپن میں 1968ء کے بعد لگاتار پانچ گرینڈ سلام ٹائٹلس میں شکست سے دوچار ہونے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ مرے کے سابق کوچ ایوان لنڈل کو یو ایس اوپن کے پانچ فائنلس میں شکست ہوئی تھی۔