وینا۔ 20 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) برطانوی نمبر ایک ٹینس اسٹار اینڈی مرے نے یہاں منعقدہ وینا اوپن کے خطابی مقابلے میں اسپینی ٹینس اسٹار ڈیوڈ فیرر کے خلاف پہلے سیٹ میں شکست کے باوجود 5-7 ، 6-2، 7-5 کی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سیزن کا اپنا دوسرا خطاب حاصل کرلیا ہے۔ اس خطاب کے ذریعہ انہوں نے نہ صرف گزشتہ ہفتہ شنگھائی اوپن میں ڈیوڈ فیرر کے خلاف ہوئی شکست کا حساب برابر کرلیا بلکہ آئندہ ماہ لندن میں منعقد شدنی سیزن کے آخری اے ٹی پی ورلڈ ٹور فائنلس میں اپنی رسائی کے امکانات کو برقرار رکھا ہے۔ اینڈی مرے اور 32 سالہ ڈیوڈ فیرر لندن ورلڈ ٹور فائنلس کے قطعی 8 کھلاڑیوں کے زمرے میں موجود آخری دو مقامات کی دوڑ میں شامل ہیں اور اس کامیابی کے بعد مرے کی مذکورہ ٹورنمنٹ میں رسائی کے امکانات مستحکم ہوئے ہیں۔ 2 گھنٹے 42 منٹ طویل مقابلے کے بعد بی بی سی ریڈیو 5 لائیو سے اظہار خیال کرتے ہوئے مرے نے کہا کہ کامیابی کے ساتھ ہفتہ کا اختتام خوشگوار ہے اور یقیناً یہ کامیابی ورلڈ ٹور فائنل میں رسائی کیلئے بھی ضروری تھی۔ لندن میں سیزن کے اختتام پر کھیلے جانے والے ٹورنمنٹ میں درجہ بندی میں سرفہرست 8 مقامات پر فائز رہنے والے کھلاڑیوں کو شرکت کا موقع ملتا ہے، جبکہ رواں سیزن 3 مقامات کے حصول کے لئے 6 کھلاڑیوں میں سخت مسابقت ہے جس میں کائی نشیکوری، ٹامس برڈچ، اینڈی مرے، ڈیوڈ فیرر، میلوس راؤنک اور گریجار دیمترو فہرست میں یکے بعد دیگرے موجود ہیں۔ دریں اثناء ٹامس برڈچ بھی دستیاب آخری مقامات کے حصول میں اپنی دعویداری مضبوط کرلی ہیں، کیونکہ گزشتہ روز انہوں نے اسٹاکہوم میں خطاب حاصل کرلیا۔