مرے تیسرے راونڈ میں داخل

لندن۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔برطانوی ٹینس اسٹار اور دفاعی چمپئن اینڈی مرے نے شاندار مظاہرہ کے ذریعہ ومبلڈن میںاپنے خطاب کے دفاع کو ایک اور کامیابی دلوائی ہے جیسا کہ انھوں نے دوسرے راؤنڈ کے مقابلہ میں سلوانیہ کے بلازرولا کو بہ آسانی 6-1، 6-1، 6-0 سے شکست دی ہے۔ خاتون زمرے کے مقابلوں میں عالمی نمبر2 چینی کھلاڑی لی نا نے اپنے دوسرے مرحلہ کے مقابلہ میںحریف کھلاڑی وون میوس برگر کو راست سیٹوں میں 6-2، 6-2، سے شکست دے کر اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہے۔ ایک اور مقابلہ میں عالمی نمبر 4 اگنیسزکا راڈوانسکا نے اپنی حریف کیسی ڈیلکوا کو راست سیٹوں میں 6-4، 6-0 سے شکست دے کر ومبلڈن کے تیسرے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

سائنا اور سندھو کی پیش قدمی
سڈنی۔ 25؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ ہندوستان کی نمبر ایک بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال نے 7.5 لاکھ امریکی ڈالرس انعامی رقم کے اسٹار آسٹریلین سوپر سیریز کے ابتدائی مقابلہ میں ناقص شروعات اور پہلی گیم میں شکست کے باوجود اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہے۔ عالمی درجہ بندی میں 9 ویں مقام پر فائز سائنا کو رواں ٹورنمنٹ میں چھٹا مقام حاصل ہوا ہے، تاہم انھیں ٹورنمنٹ کے آغاز پر ہی پہلی گیم مسابقتی کھیل کے باوجود 22-24 سے گنوانی پڑی، تاہم انھوں نے اپنی حریف چینی کھلاڑی سُن یو کو اگلی دو گیمس میں 21-17، 21-10 سے شکست دیتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے جہاں ان کا مقابلہ ہم وطن پی سی تلسی سے ہوگا۔ دریں اثناء 8 ویں درجہ کی کھلاڑی پی وی سندھو کو پہلے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے کے لئے جدوجہد نہیں کرنی پڑی اور انھوں نے صرف 31 منٹوں میں اپنی جاپانی حریف آیااوبوری کو راست گیمس میں 21-16، 21-14 سے شکست دی۔