پیرس۔28 مئی (سیاست ڈاٹ کام )فرنچ اوپن میں اینڈی مرے ،کائی نیشکوری اور اسٹانسلس واورینکا نے تیسرا مرحلہ عبور کر لیا ہے ۔ویمنز مقابلوں میں گاربائن موگوروزا،سمانتھا اسٹوسر،سیمونا ہالیپ اور شیلبی راجرز فاتح رہیں لیکن پیٹرا کویٹووا اورسلون اسٹیفنز کا سفر ختم ہو گیا۔ فرانس کے شہر پیرس میں رواں سال کے دوسرے گرانڈ سلام کے مینز سنگل مقابلوں کے تیسرے راؤنڈ میں نمبر دو سیڈ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے نے کروشیا کے آئیوو کارلووچ کو 6-1،6-4 اور 7-6 سے شکست دی جبکہ جاپان کے کائی نیشکوری اسپین کے فرنانڈو ورڈاسکو کیخلاف پانچ سٹوں پر مشتمل سخت مقابلے میں کامیاب رہے۔ سوئس کھلاڑی واورینکا نے فرانس کے جرمی چارڈی اور کینیڈا کے مائیلوس رونیک نے سلواکین حریف آندرے مارٹن کی شکست دے کر کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ فرانس کے رچرڈ گیسکوئے نے آسٹریلیا کے نک کیرگیوس کو اور امریکہ کے جان آئزنر نے روس کے تیموراز گباشویلی کو شکست دی۔ فرانس کے جائلز سیمون کیلئے سربیا کے وکٹر ٹرائیکی آسان حریف ثابت ہوئے تواسپین کے البرٹ راموس وینولاس نے امریکہ کے جیک سوک کو وطن واپس روانہ کردیا۔