مرے، نڈال اور وکٹوریا تیسرے راؤنڈ میں داخل

دومرتبہ کی چیمپئن کیویٹوا کو دوسرے مرحلے میں شکست

ومبلڈن۔6 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سال کے تیسرے گرانڈ سلام ومبلڈن ٹینس ٹورنمنٹ میں عالمی نمبر ایک اینڈی مرے، رافیل نڈال وکٹوریا آزرینکا اور وینس ولیمز نے فتوحات حاصل کر کے تیسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔دو سال قبل نڈال کو دوسرے راؤنڈ میں شکست دے کر دنیا کر حیران کرنے والے ڈسٹن براؤن ایک مرتبہ پھر انہی عزائم کے ساتھ اینڈی مرے کے خلاف میدان میں اترے لیکن ان کی ایک نہ چلی۔عالمی نمبر ایک ٹینس کھلاڑی نے جرمن حریف کو راست سٹوں میں باآسانی 6-3، 6-2 اور 6-2 سے مات دے کر کے تیسرے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی جہاں ان کا مقابلہ اٹلی کے فیبیو فوگ نینی سے ہو گا۔ نڈال نے عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے دوسرے راؤنڈ میں ڈی ینگ کو شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں جگہ بنائی، انہوں نے 6-4، 6-2 اور 7-5 سے کامیابی حاصل کی۔جاپان کے کائی نشیکوری کو یوکرین کے کوالیفائر سرجی اسٹیکوسکے کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا اور پہلے سٹ میں 6-4 سے کامیابی کے بعد یوکرین کے حریف نے 7-6 سے دوسڑا سٹ جیت کر مقابلہ برابر کردیا لیکن اگلے سٹ میں نشیکوری نے 6-1 سے کامیابی حاصل کی اور پھر چوتھے سٹ میں سخت مقابلے کے بعد 7-6 سے فتح سمیت کر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے جہاں ان کا مقابلہ روبرٹو بوٹسٹا ایگٹ سے ہو گا۔خواتین کے مقابلوں میں پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چیمپیئن وینس ولیمز ابھرتی ہوئی چینی اسٹار وینگ کیانگ کے خلاف شکست سے بال بال بچ گئیں۔ولیمز کو پہلے سیٹ میں 4-6 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور دوسرے سٹ میں بھی آثار کچھ اچھے نظر نہیں آرہے تھے لیکن انہوں نے تجربے کو بروے کار لاتے ہوئے 6-4 سے کامیابی حاصل کر کے مقابلہ برابر کیا اور پھر اگلا سیٹ باآسانی 6-1 سے جیت کر میچ میں فتح حاصل۔سابق عالمی نمبر ایک آزارینکا نے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد کامیابی سے سفر جاری رکھا اور روس کی 15ویں سیڈ ایلینا ویسنینا کو 6-3 اور 6-3 سے شکست دے کر اگلے راؤنڈ میں رسائی حاصل کر لی۔دو مرتبہ کی ومبلڈن چیمپیئن پیٹرا کویٹوا کو دوسرے راؤنڈ میں امریکہ کی 95ویں سیڈ میڈیسن برینگل نے 6-3، 1-6 اور 6-2 سے شکست دیکر رواں ٹورنمنٹ کا ایک اور حیران کن نتیجہ دیا۔علاوہ ازیں ومبلڈن کے پہلے مرحلے میں پولینڈ کی اگنیسکا رڈوانسکا نے سربیا کی یلینا یانکووچ کو شکست دیکر دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنا لی ہے۔مردوں کے دیگر مقابلوں میں30 ویں سیڈ کارین نے برازیل کے تھیاگو موٹیریا کو 3۔6 ،7۔6 ،7۔6 ،7۔5 سے شکست دے کر نڈال کے ساتھ اپنا میچ پکا کر لیا۔ساتویں سیڈ کروشیائی مارن سلچ نے صرف دو گھنٹے میں جرمنی کے فلورین میئر کو 7۔6 ،6۔4 ،7۔5 سے راست سٹوں میں شکست دی۔16 ویں سیڈ جائلز میولر نے چیک جمہوریہ کے لوکاس روسول کو میراتھن جدوجہد میں 7۔5 ،6۔7 ،4۔6 ،6۔3 ،9۔7 سے شکست دی۔