مریال گوڑہ میں قتل کی سنگین واردات کا معمہ حل

بیٹی کی بین طبقاتی شادی سے ناراض باپ کا انتقامی اقدام ، 7 افراد گرفتار
نلگنڈہ ۔ /18 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مریال گوڑہ مستقر پر ہوئی قتل کے سنگین واقعہ میں ملوث 7 افراد کو پولیس نلگنڈہ نے گرفتار کرلیا ۔ یہ بات ضلع مہتمم پولیس مسٹر رنگاناتھ نے آج شام پولیس ہیڈکوارٹر میں واقع کانفرنس ہال میں پرہجوم صحافتی کانفرنس میں بتائی اور تفصیلات سے واقف کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ مریال گوڑہ مستقر کا مشہور رئیل اسٹیٹ تاجر ترونگری ماروتی کی لڑکی اور مستقر کا ہی لڑکا پرنیے کے درمیان نویں جماعت سے محبت چل رہی تھی اس کی اطلاع پر کئی مرتبہ سمجھانے کی کوشش کی گئی لیکن یہ عاشقی انجنیئرنگ تک چل رہی تھی جس کی وجہ دونوں نے انجنیئرنگ کی تعلیم بھی ترک کردی اور دونوں مریال گوڑہ سے راہ فرار اختیار کرتے ہوئے ماہ جنوری میں حیدرآباد میں آریہ سماج کی رسم و رواج کے تحت شادی کرلی ۔ بین طبقاتی شادی پر لڑکی کے باپ ماروتی راؤ سخت ناراض ہوکر انتقام لینے کیلئے ماہ جون میں محمد باری سے ملاقات کی اور ایک کروڑ روپئے میں لڑکا پرینے کے قتل کرنے کا معاہدہ طئے ہوا ۔ بعد ازاں اصغر علی نے بہار سے تعلق رکھنے والے سبھاش شرما سے رابطہ پیدا کیا ۔ جولائی کے پہلے ہفتہ میں کریم کی موجودگی میں ماروتی و دیگر سے آٹو نگر میں معاہدہ کے بعد منصوبہ بنایا گیا اور بطور اڈوانس 20 لاکھ روپئے کے معاہدے کے باوجود ماروتی راؤ نے کریم کے ذریعہ 15 لاکھ روپئے حیدرآباد کے مضافات میں واقع فلم سٹی کے پاس پہونچایا جس میں محمد باری 8 لاکھ روپئے ،اصغر کو 6 لاکھ ، کریم کو ایک لاکھ روپئے ادا کئے گئے اور ایک اسکوٹی خریدا گیا اور قتل کا منصوبہ بنایا گیا ، ماہ اگست میں بیوٹی پارلر کے پاس بھی کوشش کی گئی تھی لیکن پرنیے کے ساتھ دوست رہنے پر کوششیں کامیاب نہیں ہوئی اور اس کے بعد تعاقب کیا جارہا تھا ۔ اسی اثناء ماروتی کی بیوی نے بیٹی پرمیلا کو فون کیا جس پر بیٹی نے حاملہ ہونے اور /14 ستمبر کو جیوتی دواخانہ میں معائنہ کو جانے سے متعلق بات بتائی ۔ شوہر ماروتی راؤ کو اس کی اطلاع ملنے پر فوری اس نے باری کو اطلاع دی جس پر وہ وہاں پر انتظار کرتے ہوئے حملہ کردیا لیکن ماروتی راؤ نے بڑی چالاکی کے ساتھ قتل سے قبل دفتر ضلع کلکٹریٹ میں کام ہونے کا بہانہ بناکر مریال گو ڑہ سے نلگنڈہ روانہ ہوا ۔ اس درمیان ویملی پلی میں ڈی ایس پی مریال گوڑہ سے ملاقات اور کلکٹریٹ میں جوائنٹ کلکٹر سے بات چیت اور کام سے متعلق بتاکر روانہ ہوا ۔ قتل کی اطلاع کے بعد وہ حیدرآباد روانہ ہوگیا ۔ انہوں نے قتل میں ملوث 7 ملزمین کو اخباری نمائندوں کے روبرو پیش کیا ۔ اس قتل کی واردات میں ماروتی راؤ کو اے ون A2 ، سبھاش شرما A3 ، اصغر علی A4 ، ایم ڈی باری A5 ، عبدالکریم A6 ، ٹی شراون کمار کار ڈرائیور شیوا کو A7 بتایا گیا ۔ انہوں نے اندرون چار یوم قتل کی واردات میں ملوث ملزمین کی گرفتاری پر ڈی ایس پی مریال گوڑہ سرینواس اور سرکل انسپکٹر اور انسپکٹر کی سراہنا کی ۔