مرکز ۔ عام آدمی پارٹی حکومت کے مابین قانونی لڑائی سپریم کورٹ پہنچ گئی

نئی دہلی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مرکز اور عام آدمی پارٹی حکومت کے مابین جاری رسہ کشی مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ نے حکومت دہلی کی اینٹی کرپشن برانچ کو اختیارات کی بحالی سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف آج سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی ہے۔ این ڈی اے حکومت نے گذشتہ ہفتہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اینٹی کرپشن برانچ (اے سی بی) کے اختیارات محدود کردیئے تھے اور کہا تھا کہ وہ مرکزی سرکاری ملازمین بشمول دہلی پولیس کے خلاف مقدمات درج نہیں کرسکتی۔ اس اعلامیہ کے خلاف اروند کجریوال حکومت عدالت سے رجوع ہوئی اور چیف منسٹر و لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ کے مابین جاری سردجنگ میں اضافہ ہوگیا تھا۔ ہائیکورٹ نے اس اعلامیہ کو غلط قرار دیا اور یہ کجریوال حکومت کی فتح سمجھی جارہی ہے۔ وزارت داخلہ نے آج سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے کہا کہ یہ اعلامیہ دستوری قواعد کے مطابق جاری کیا گیا ہے۔ اس اپیل پر کل سپریم کورٹ کی تعطیلاتی بنچ کے روبرو سماعت کا امکان ہے۔