مرکز کو دفعہ 370 منسوخ کرنے کا چیلنج

سرینگر ۔ 24 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس لیڈر سیف الدین سوز نے وزیراعظم نریندر مودی کی زیرقیادت بی جے پی حکومت کو ریاست جموں و کشمیر کو خصوصی موقف فراہم کرنے والی دفعہ 370 کی تنسیخ کا چیلنج کیا ۔ انھوں نے کہا کہ یہ دفعہ ریاست اور مرکز کے مابین ’’پل ‘‘ کی طرح ہے۔ انھوں نے کہا کہ نہ صرف مودی بلکہ بی جے پی اور آر ایس ایس کو وہ دفعہ 370 منسوخ کرنے کا چیلنج کرتے ہیں۔ کوئی بھی اسے تبدیل نہیں کرسکتا ، یہ مرکز اور ریاست کے مابین پل کی طرح ہے اور ہندوستان کے بنیادی دستور کا ناگزیر عنصر ہے ۔اس پل کو توڑنے کے نتیجہ میں ریاست اور مرکز کے مابین ربط ٹوٹ جائے گا ۔ دفعہ میں ترمیم کے بارے میں پوچھے جانے پر سیف الدین سوز نے کہاکہ اسے اب تک جس انداز میں نظرانداز کرنے کی کوشش کی جارہی ہے وہ نہیں ہونی چاہئے ۔ انھوں نے کہا کہ دفعہ میں ترمیم یا تبدیلی بھی مذاکرات کے عمل کا ایک حصہ ہے اور کانگریس پارٹی چاہتی ہے کہ دفعہ370 کا کشمیریت کی حیثیت سے تحفظ ہو ۔ جموں و کشمیر پردیش کانگریس نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی رام مندر کی تعمیر ، یکساں سیول کوڈ کے نفاذ اور دفعہ 370 کی تنسیخ کے انتخابی وعدوں کو کبھی پورا نہیں کرسکتی ۔ انھوں نے کہا کہ پوری ذمہ داری کے ساتھ وہ یہ بات کررہے ہیں کہ بی جے پی ان انتخابی وعدوں کے بارے میں کچھ نہیں کرسکتی ۔ دفعہ 370 کی منسوخ ممکن نہیں اور ملک میں یکساں سیول کوڈ کے آر ایس ایس ایجنڈے پر بھی عمل نہیں ہوسکتا ۔ انھوں نے کہا کہ صرف ہندو اور مسلمان مل کر رام مندر تعمیر کرسکتے ہیں یا سپریم کورٹ کی ہدایت پر عمل کیا جاسکتا ہے ۔