مرکز پر مہاراشٹرا کو عمدا برقی سے محروم کرنے کا الزام

عوام کو مسلسل برقی سربراہی کو یقینی بنانے ہر ممکن جدوجہد کا عزم : چیف منسٹر مہاراشٹرا کا خطاب
ممبئی۔ یکم ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چاوان نے آج الزام عائد کیا کہ مرکزی حکومت دانستہ طور پر مہاراشٹرا کے سنٹرل گرڈس کو برقی توانائی سے محروم رکھ رہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت ریاست میں برقی بحران پیدا کرنا چاہتی ہے۔ اسمبلی انتخابات کے لئے کانگریس کی انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے چاوان نے کہا کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے تمام ریاستوں کے چیف منسٹرس کا ایک اجلاس طلب کرنے کے لئے مکتوب روانہ کر چکے ہیں تاکہ برقی صورتِ حال کا جائزہ لیا جاسکے۔ اگر مرکز اقدامات نہیں کرتا تو ملک میں برقی توانائی کا سنگین بحران پیدا ہوجائے گا۔ حالانکہ مرکز حکومت ِ مہاراشٹرا کو پریشانی کا شکار کرنا چاہتا ہے اور مرکز کے گرڈس سے برقی توانائی مختص کرنا نہیں چاہتا، لیکن ہم اپنے عوام کو متاثر کرنے کی اجازت نہیں دیں گے ۔ اور اس بات کو یقینی بنانے کے لئے عوام کو برقی توانائی حاصل ہوتی ہے، ہر ممکن کوشش کریں گے۔ وہ آزاد میدان پر کانگریس کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ چاوان نے کہا کہ مودی حکومت کا اولین 100 دن کے دورِ اقتدار کا رپورٹ کارڈ انتہائی حقیر ہے۔ پراجیکٹ کا افتتاح کرنے ، ان کا آغاز کرنے اور تکمیل کرنے کے سوائے جن کا آغاز خود یو پی اے نے کیا تھا ، نئی حکومت نے اور کچھ نہیں کیا۔ وہ نہ تو قیمتوں پر قابو پاسکی اور نہ پاکستان کی سخت گیر پالیسی کا جواب دے سکی۔ جنگ بندیوں کی خلاف ورزیوں کے سرحد پر کئی واقعات پیش آچکے ہیں ، لیکن ملک کے ذمہ دار حکمراں مہربہ لب ہیں۔