مرکز و یوپی میں یکساں اقتدار کا فائدہ نہیں ہورہا : مایاوتی

لکھنو ، 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی مرکز کے ساتھ ساتھ ریاست میں بھی برسراقتدار ہے لیکن اس کا اترپردیش کے عوام کیلئے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے، بی ایس پی سربراہ مایاوتی نے آج یہ الزام عائد کیا۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بعض کلیدی اسکیمات میں مرکزی امداد گھٹا دی گئی ہے۔ مایاوتی نے یہاں ایک بیان میں کہا کہ اترپردیش کے عوام کو مرکز اور ریاست میں یکساں پارٹی کی حکومتوں سے کچھ فائدہ نہیں ہورہا ہے۔ اس کے برعکس حق تعلیم اور روزگار پیدا کرنے سے متعلق اسکیم کیلئے مرکزی امداد میں کٹوتی کردی گئی ہے۔ صدر بی جے پی امیت شاہ کی آج یہاں پریس کانفرنس کے حوالے سے مایاوتی نے کہا کہ وہ مودی حکومت کی اوسط سے کمتر کارکردگی کو کارنامہ کے طور پر پیش کررہے ہیں۔