مرکز و ریاست میں ایک ہی پارٹی کی حکومت قائم کرنے عوام سے راجناتھ سنگھ کی خواہش

مدنی نگر (جھارکھنڈ)۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے آج مرکز اور ریاستی سطح پر ایک ہی پارٹی کی حکومت قائم کرنے کی عوام سے اپیل کی تاکہ دونوں حکومتوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی پیدا ہوسکے۔ انھوں نے کہا کہ اس کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے۔ راجناتھ سنگھ حیدرنگر ہائی اسکول میں بی جے پی کے امیدوار کامیشور کشواہا سنگھ کی تائید میں حسین آباد انتخابی حلقہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر اور جھارکھنڈ کے عوام سے انھیں توقع ہے کہ وہ بی جے پی کے حق میں ووٹ دیں گے اور وزیراعظم نریندر مودی کی ترقی کی کوشش کو مزید تقویت دیں گے۔ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ معدنیات کی دولت سے مالامال جھارکھنڈ اُس وقت سے جمود کا شکار ہے جب سے کہ اسے 14 سال قبل بہار سے الگ کرکے ایک نئی ریاست قائم کی گئی تھی۔ انھوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اس ریاست کو ترقی دینے کی پابند ہے۔ جھارکھنڈ میں پانچ مرحلوں پر مشتمل رائے دہی ہورہی ہے۔ پہلا مرحلہ 25 نومبر کو مقرر ہے۔