مرکز میں چیف منسٹر تلنگانہ چندر شیکھر راؤ کی خصوصی اہمیت

منصوبہ بندی کمیشن کے تعلق سے کئی تجاویز کو قبولیت : رکن پارلیمنٹ بی نرسیا کا ادعا
حیدرآباد ۔ 20 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر ریاست تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی مرکز میں خصوصی اہمیت پائی جاتی ہے اور مرکزی حکومت ان کی پیش کردہ بعض تجاویز کے باعث انہیں اہمیت دے رہی ہے ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رکن پارلیمنٹ حلقہ بھونگیر تلنگانہ راشٹرا سمیتی مسٹر بی نرسیا نے بتایا کہ مرکز میں چندر شیکھر راؤ کو جو اہمیت حاصل ہو رہی ہے وہ دوسری ریاستوں کے چیف منسٹروں کو حاصل نہیں ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے نئے منصوبہ بندی کمیشن کے قیام کیلئے جو تجاویز پیش کی تھیں ان میں سے کئی ایک کو مرکزی حکومت نے قبول کرلیا ہے ۔ مسٹر نرسیا نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون میں کئی خامیاں و کوتاہیاں ہیں جس کا خود مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی اعتراف کیا اور وہ بھی اس سے متفق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ برقی اور پانی کے معاملہ کو قانونی موقف دیا جانا چاہئے ۔ تعلیم کے شعبہ سے متعلق بھی بے چینی اور غیر یقینی صورتحال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستوں میں اپنے وسائل ضروریات ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق آزادانہ طور پر اقدامات کرنے کا موقف ہونا چاہئے ۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ دونوں ریاستوں کے مفادات کو پیش نظر رکھ کر ریاست کی تقسیم سے متعلق قانون میں پائی جانے والی خامیوں و غلطیوں کی تصحیح و ترمیم کرلینے کی شدید ضرورت ہے ۔ رکن پارلیمان نے مزید کہا کہ ملک گیر سطح پر میڈیکل نشستوں کے سلسلہ میں 371-D آرٹیکل میں بھی ترمیم کی جانی چاہئے ۔