مرکز میں نئی حکومت کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

وارناسی ؍ مدھوبنی ۔ 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی لیڈر اور وزارت عظمیٰ امیدوار نریندر مودی نے بہار میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے مرکز میں یو پی اے حکومت کی جگہ نئی حکومت کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر این ڈی اے کو اقتدار حاصل ہوا تو وہ ایک مضبوط حکومت بنائیں گے جو بہتر حکمرانی اور ترقی کی ضامن ہوگی۔ قبل ازیں نریندر مودی نے آج وارناسی حلقہ سے ایک بڑے روڈ شو کے بعد اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ’’ ماں گنگا ‘‘ نے انہیں یہاں بلایا ہے اور انہوں نے یہ وعدہ کیا کہ دریائے گنگا کے کنارے واقع اس شہر کو وہ دنیا کا روحانی مرکز بنائیں گے ۔ نریندر مودی جب اپنا پرچہ نامزدگی داخل کرنے ایک بڑے روڈ شو کیلئے نکلے اس وقت فضا میں شنکھ کی آوازیں گونج رہی تھیں اور عوام کی کثیر تعداد وہاں موجود تھی ۔ بی جے پی کارکنوں کی جانب سے ان پر پھول برسائے گئے اور نعرے لگائے گئے ۔ کئی بی جے پی کارکن مودی کی ماسک لگائے ‘ مودی ٹی شرٹ پہنے اور بی جے پی پرچم تھامے ہوئے ریلی اور روڈ شو میں شامل تھے ۔ علاوہ ازیں بعض مقامات پر عوام نے اپنے گھروں کی بالکنی سے بھی ریلی کا نظاہرہ کیا ۔

وہ بی جے پی لیڈر کی ایک جھلک دیکھنے کو بے چین تھے۔ جب مودی کا یہ قافلہ مسلم اکثریتی آبادی والے علاقہ ناڈیسر سے گذرا تو وہاں بھی کچھ لوگوں نے ان کا خیر مقدم کیا ۔ بی جے پی لیڈر کو وارناسی میں عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کجریوال سے اصل مقابلہ درپیش ہے ۔ مودی نے تین گھنٹے طویل روڈ شو کے بعد کہا کہ جب وہ یہاں پہونچے تو انہیں احساس ہوا کہ وہ خود یہاں نہیں آئے ہیں اور نہ ہی بی جے پی نے انہیں یہاں بھیجا ہے ۔ وہ اس لئے یہاں آئے ہیں کہ ماں گنگا نے انہیں یہاں طلب کیا ہے ۔ انہیں ایسا لگ رہا ہے کہ ایک چھوٹا بچہ اپنی ماں کی آغوش میں آگیا ہے ۔ وہ دعا کرتے ہیں کہ انہیں اتنی طاقت ملے کہ وہ اس شہر کی خدمت کرسکیں۔ نریندر مودی وارناسی کے علاوہ اپنی ریاست گجرات میں ودودرہ حلقہ سے بھی مقابلہ کر رہے ہیں۔ ان سے وابستگی کا اظہار کرنے پر عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ وہ کوشش کرینگے کہ وارناسی شہر کو دنیا کا روحانی مرکز بنادیا جائے ۔