کریم نگر۔ 14 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ٹی آر ایس سکیولر پارٹی ہے، فرقہ پرستوں سے ہرگز مفاہمت نہیں کرے گی۔ ریاست میں علاقائی پارٹیوں کا اقتدار ہوگا جبکہ مرکز میں تیسرے محاذ کی حکومت کیلئے اس کی تائید کا چندر شیکھر راؤ نے اعلان کیا۔ وہ یہاں کریم نگر میں ایس آر آر کالج گراؤنڈس پر اتوار کی شب انتخابی مہم کے ضمن میں ٹی آر ایس کے پہلے جلسہ عام کو مخاطب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ انقلابی تحریک کا مرکز کریم نگر رہا ہے، یہاں ہندو، مسلم، سکھ ، عیسائی سبھی طبقات مل جل کر رہتے ہیں۔ ٹی آر ایس ایک سکیولرازم کی بنیاد پر قائم ہے، اس لئے این ڈی اے یا یو پی اے کی ہرگز تائید نہیں کرے گی۔ این ڈی اے سے ٹی آر ایس کی مفاہمت کے سلسلے میں جھوٹی خبر پھیلائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے کو بمشکل 200 نشستیں بھی نہیں مل پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں پونالہ لکشمیا کی زیرنگرانی ہوئے جل یگنم کی تحقیقات کروائی جائے گی۔ انہوں نے بی جے پی سے تلگو دیشم پارٹی کے اتحاد پر بھی شدید تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ اسی گراؤنڈس پر سے 2001ء میں جلسہ عام سے میں نے پہلی مرتبہ مخاطب کیا تھا اور تلنگانہ تحریک کا آغاز کیا تھا۔ اس وقت سے قدم پیچھے نہیں اٹھایا ہوں۔ اس کے بعد اندرون 6 ماہ چندرا بابو نائیڈو کی پارٹی کا نام غرق ہوگیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کریم نگر انقلابی تحریکوں کے آغاز کا مرکز ہے۔ اس کا نام تاریخ میں سنہری حرفوں سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تلنگانہ کی تعمیر نو کے لئے ہمیں آپ کا تعاون چاہئے۔ کسی بھی دھوکہ دہی میں نہ آئیں۔ آپ کے روشن مستقبل کا فیصلہ آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ ٹی آر ایس امیدواروں کو کامیاب کریں۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے منشور کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو 120 مربع گز پر مکان فراہم کیا جائے گا۔ ہر سال ایک لاکھ مکان تعمیر کئے جائیں گے۔ معذورین کو 1500 ماہانہ وظیفے دیئے جائیں گے۔ ایک لاکھ روپئے زرعی قرض معاف کردیئے جائیں گے۔ دو سال بعد کسانوں کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ ابتدائی سطح سے پی جی تک مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔ سی بی ایس ای کی تعلیم کیلئے مذہب اور طبقہ بھید بھاؤ نہ ہوگا۔ آٹو رکشا کا آر ٹی او ٹیکس معاف کرنا ٹی آر ایس کا پہلا ترجیحی عمل ہوگا۔ مسلمانوں کو ہر صورت میں 12% تحفظات دیئے جائیں گے۔ تانڈوں کو پنچایت میں تبدیل کیا جائے گا۔
ٹی آر ایس جنرل سکریٹری کے کیشو راؤ نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کو کامیاب کرنا آپ سبھی کی ذمہ داری ہے۔ تلنگانہ قائد این نرسمہا ریڈی نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے تلنگانہ کو ہر طرف سے نقصان پہونچایا ہے اور وہ کس طرح بے شرمی سے تلنگانہ میں گھوم رہے ہیں۔ اس جلسہ عام میں ٹی آر ایس ضلع صدر اے شنکر ریڈی ، ایم ایل سی محمود علی ، سابق وزیر کیپٹن لکشمی کانت ریڈی، کریم نگر، پداپلی، نظام آباد ٹی آر ایس کے پارلیمانی امیدوار بی ونود کمار، بی سمن کویتا اور اسمبلی حلقوں کے امیدوار ایٹالہ راجندر، کے ٹی آر، کے ایشور، ایس ستیہ نارائنا، گنگولہ کملاکر، ڈاکٹر سنجے، سابق ایم ایل سی نارا داس لکشمن راؤ اور دیگر قائدین موجود تھے۔