مرکز میلاد کمیٹی کریم نگر کی کانگریس کو تائید

کریم نگر ۔ 24 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) معتمد کمیٹی کے بموجب میلاد کمیٹی کریم نگر کا ایک ہنگامی مشاورتی اجلاس 21 اپریل کو درگاہ کریم اللہ قادری کے احاطہ میں منعقد ہوا جس میں موجودہ انتخابات اور مسلمانوں کے لائحہ پر غور و خوض کیا گیا اور موجودہ حالات کے پیش نظر ایک قرارداد منظور کی گئی جس کے مطابق میلاد کمیٹی کریم نگر کی طرف سے خصوصاً مسلم رائے دہندگان سے اپیل کی جاتی ہے کہ رائے دہی میں زیادہ سے زیادہ حصہ لیں اور ووٹنگ میں حصہ لینے سے ہرگز گریز نہ کریں ۔ کیونکہ یہ ہمارا بنیادی حق ہے ۔ ہندوستان میں مسلمانوں کے مستقبل اور ان کیلئے تحفظ اور فرقہ پرست عناصر کو ایوان اقتدار سے دور رکھنے کیلئے کمیٹی نے کانگریس امیدوار کی تائید کا فیصلہ کیاہے ۔ لہذا عوام الناس کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ حلقہ اسمبلی کریم نگر سے کانگریسی امیدوار چلمنڈا لکشمی نرسمہاراؤ اور پارلیمانی امیدوار مسٹر پونم پربھاکر کے حق میں ووٹ دیں ۔ شرکاء اجلاس میں مولانا عبدالقیوم ضیائی سرپرست ، غلام ربانی قادری جنرل سکریٹری ، حافظ محمد سہیل بن عبداللہ قادری ، مولانا خواجہ علیم الدین نظامی ، سید یوسف الدین ریاض ، عباس حسین قادری ، الحاج مسعود حسین قادری ، محمد ریاض قادری کے نام قابل ذکر ہیں ۔