نئی دہلی ۔ 27 مئی (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج مرکز پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اس کا اعلامیہ لیفٹننٹ گورنر دہلی کو زیادہ اختیارات فراہم کرنے کے بارے میں جاری کیا گیا ہے۔ وہ صرف ایک تجربہ ہے جس کو کامیابی کی صورت میں ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آزمایا جائے گا۔ مرکز ملک کو آمریت کی جانب لے جارہا ہے۔ وہ دہلی اسمبلی سے خطاب کررہے تھے۔ کجریوال نے لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مرکز کی ’’دھن پر رقص‘‘ کررہے ہیں اور دانستہ طور پر عام آدمی پارٹی حکومت کے راستہ میں رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں جو کچھ ہورہا ہے وہ خطرناک ہے۔ بی جے پی زیرقیادت مرکز ایک کے بعد ایک تجربے کررہا ہے تاکہ انہیں غیر بی جے پی زیراقتدار ریاستوں میں نافذ کیا جاسکے۔ انہوں نے تمام غیر بی جے پی چیف منسٹرس سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلہ پر متحد ہوجائیں۔ کجریوال نے کہاکہ لیفٹننٹ گورنر کو سرکاری عہدیداروں کے تقررات اور تبادلوں کے اختیارات دینے کیلئے اعلامیہ جاری کرنا مرکزی حکومت کا ایسا ہی اقدم ہے۔