مرکز سے دستبرداری کا فیصلہ وزیر اعظم سے بات چیت کے بعد :ادھو ٹھاکرے

ممبئی 30 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام )صدر شیو سینا ادھو ٹھاکرے نے آج کہا کہ مرکز کی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت سے دستبرداری کا فیصلہ وزیر اعظم کے دورہ امریکہ سے واپسی پر ان سے تبادلے خیال کے بعد کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے میں شمولیت اور اس سے دستبرداری آسان نہیں ہے ۔ تمام منتخبہ ارکان پارلیمنٹ جنہوں نے شیو سینا اور بی جے پی کے نام پر ووٹ حاصل کئے ہیں عوام کے دیئے ہوئے اختیار کے پابند ہے اس لئے فیصلہ وزیر اعظم سے تبادلے خیال اور ہمارے حامیوں کے احساس کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا ۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اس کا انکشاف کیا ۔ کل انہوں نے اعلان کیا تھا کہ مودی حکومت سے ان کی پارٹی کے وزیر اننت گیتے مستعفی ہوجائیں گے ۔ ادھو ٹھاکرے کا یہ اعلان ان کے چچازاد بھائی راج ٹھاکرے کی شیو سینا پر تنقید کے بعد منظر عام پر آیا تھا۔