مرکز ایک اور ایمرجنسی روکنے اقدامات کرے، دہلی اسمبلی کی قرارداد

نئی دہلی ، 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی نے آج تین خانگی ارکان کی قراردادیں منظور کئے جن میں وہ بھی شامل ہے جس کے ذریعے مرکزی حکومت سے وفاقی ڈھانچہ اور جمہوری خدوخال کو مضبوط کرنے اور ان میں بہتری لانے کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں ایمرجنسی جیسی صورتحال کو رونما ہونے سے روکا جاسکے۔ ’’موجودہ پس منظر میں ایمرجنسی جیسی صورتحال‘‘ کے زیرعنوان قرارداد کو عام آدمی پارٹی رکن اسمبلی (حلقہ راجوری گارڈن) جرنیل سنگھ نے پیش کیا۔ بی جے پی رکن جگدیش پردھان اور عام آدمی پارٹی رکن سنجیو جھا نے بھی دو علحدہ قراردادیں پیش کئے۔ جرنیل سنگھ نے آزادی کی طویل مدت کے بعد بھی موجودہ پس منظر میں ایمرجنسی جیسی صورتحال کے امکانات کے تناظر میں کہا کہ یہ ایوان قرارداد پیش کرتا ہے کہ مرکز کو مناسب اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ وفاقی ڈھانچہ مضبوط ہو اور جمہوری نظام کو بہتر بنایا جاسکے، جس کیلئے دستور میں ضروری ترامیم عمل میں لائی جائیں۔ اس کے ذریعے ہی ایمرجنسی جیسی صورتحال کو روکا جاسکتا ہے۔ انھوں نے سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی کے حالیہ بیان کا حوالہ دیا کہ ’’جمہوریت کو کچلنے کی اہل قوتیں زیادہ طاقتور ہوگئی ہیں‘‘۔