مرکز اور ریاستی حکومتوں سے فنڈس کی توقع نہ رکھیں

مقامی بلدیات کو اپنے فنڈس کے ذریعہ ہی کام کرنے وینکیا نائیڈوکا مشورہ
ممبئی 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر شہری ترقی و امکنہ اور اطلاعات و نشریات ایم وینکیا نائیڈو نے آج کہاکہ مقامی بلدیات کو اپنے کاموں کی انجام دہی کے لئے مرکز یا ریاستی حکومتوں سے فنڈس کی توقع رکھنے کے بجائے مقامی سطح پر فنڈس کو متحرک کرنے پر توجہ دی جانی چاہئے۔ وینکیا نائیڈو جو شہر میں پونے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے شروع کردہ 200 کروڑ کے باؤنڈ تقریب میں حصہ لے رہے تھے، بمبئی اسٹاک ایکس چینج کی جانب سے یہ باؤنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سسٹم میں خاطر خواہ رقم پائی جاتی ہے لیکن مقامی ادارہ جات کو ازخود مختلف طریقوں سے فنڈس اکٹھا کرنے کی کوشش کرنے کی ضرورت ہے۔ پونے میونسپل کارپوریشن کے باؤنڈز کے بارے میں یہ ملک میں پہلی مرتبہ متعارف کیا جارہا ہے۔ اِس سے شہری ترقی پر وسیع تر اثر پڑے گا۔ مقامی ادارہ جات کو اپنے شہروں کی ترقی ازخود متحرک کردہ فنڈس کے ذریعہ کرنی چاہئے۔ پونے میونسپل کارپوریشن میں 10 سال کے باؤنڈز فروخت کرتے ہوئے 200 کروڑ روپئے جمع کرلئے ہیں اور اِس کو 6 گنا سے ضرب دیا جائے تو 2300 کروڑ روپئے کی رقم جمع ہوگی اور یہ آبی پراجکٹ کے لئے استعمال کی جائے گی۔ مرکزی وزیر نے تیقن دیا کہ مرکز ہی مقامی بلدیات کی جانب سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی پراجکٹس کے لئے فنڈس جاری کرے گا۔ اگر ضروری ہوا تو وہ وسائل بھی متحرک کرنے میں مدد کرے گا۔

آئی پی ایس آفیسر مرزا سے سی بی آئی کی پوچھ تاچھ
کلکتہ 22جون(سیاست ڈاٹ کام ) ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں سی بی آئی نے آج آئی پی ایس آفیسر ایس ایم مرزا سے نظام پلس میں پوچھ تاچھ کی ہے ۔ترنمول کانگریس کے رکن اسمبلی اقبال احمد کے بعد ناردا اسٹنگ آپریشن معاملے میں یہ دوسری پوچھ تاچھ ہے ۔جس وقت ناردا اسٹنگ آپریشن منظر عام پر آیا تھا اس وقت ایس ایم مرزا بردوان ضلع کے ایس پی تھے ۔سی بی آئی کے ایف آئی آر میں ایس ایم مرزا کا نام 12ویں نمبر پرتھا۔اس سے قبل ایس ایم مرزا سے کلکتہ پولس نے ساڑھے تین گھنٹے پوچھ تاچھ کی تھی۔