مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا پُرامن اختتام

پولیس کے غیر معمولی انتظامات، خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر سے صورتحال پر نظر
حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا آج پُرامن طور پر اختتام عمل میں آیا اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس کے بعد ریاستی انتظامیہ اور بالخصوص پولیس نے راحت کی سانس لی۔ گنیش جلوس تاخیر سے شروع ہوا اور مقررہ وقت کی اگرچہ پابندی نہیں کی گئی لیکن پولیس  بروقت انتظامات کے ذریعہ تیزی کے ساتھ وسرجن جلوس کو آگے بڑھاتی رہی چنانچہ رات دیر گئے تک تقریباً 70فیصد گنیشوں کا وسرجن ہوچکا تھا۔ ٹینک بنڈ پر بھی خصوصی کرینس کے ذریعہ گنیش مورتیوں کا وسرجن مسلسل جاری رہا۔ مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا آغاز تین گھنٹے تاخیر سے ہوا اور ساؤتھ زون علاقے سے رات دیر گئے تک گذرتا رہا۔ بالا پور گنیش جلوس کے آغاز سے قبل روایتی خصوصی لڈو کا ہراج عمل میں آیا جسے مقامی تاجر کے مدن موہن ریڈی نے 10لاکھ 32ہزار روپئے میں حاصل کیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی ، ڈائرکٹر جنرل پولیس تلنگانہ مسٹر انوراگ شرما اور کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر مہیندر ریڈی نے خصوصی ہیلی کاپٹر کے ذریعہ فضائی سروے کیا اور مرکزی گنیش وسرجن جلوس کا جائزہ لیا۔ وسرجن جلوس کے موقع پر دونوں شہروں میں کئی مقامات پر پولیس نے راستوں میں رکاوٹیں کھڑی کردی تھیں اور بعض جگہوں پر خاردار تار بھی لگائے گئے تھے۔ اس جلوس میں بعض افراد نے اشتعال انگیز نعرے اور گیت بھی لگائے جبکہ چند گروپس نے گاؤکشی کے خلاف بیانرس اور پلے کارڈس کے ذریعہ مظاہرے کئے۔ اس جلوس کی نگرانی کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہیندر ریڈی نے خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول سے کی جس میں 400سی سی ٹی ویز کو مربوط کیا گیا تھا۔ اس جلوس میں لاکھوں کی تعداد میں بھکت سڑکوں پر جمع ہوگئے تھے اور پولیس نے HDکیمروں کے ذریعہ جلوس کی نگرانی کی۔ گنیش منڈپ سے لاریوں میں مورتیوں کو حسین ساگر جھیل منتقل کئے جانے کا سلسلہ صبح تک جاری رہا۔ اس موقع پر 20ہزار پولیس عملے کو دونوں شہروں میں متعین کیا گیا تھا اور اسپیشل برانچ، ٹاسک فورس، آرمڈ ریزرو پولیس، ڈیٹکٹیو ڈپارٹمنٹ کے علاوہ نیم فوجی دستوں کو متعین کیا گیا تھا۔ ریاستی وزیر مسٹر ٹی سرینواس یادو اور وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی نے کمشنر آفس میں قائم کئے گئے خصوصی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا مشاہدہ کیا۔گنیش وسرجن جلوس کے موقع پر جی ایچ ایم سی اور واٹر ورکس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے اور جلوس میں شرکت کرنے والے افراد کیلئے پانی کے پیاکٹس مسلسل فراہم کئے جارہے تھے۔ وسرجن کے دوران کرین نمبر (1)کے قریب گنیش مورتی اچانک گرجانے سے سنسنی پھیل گئی ۔ اسی قسم کے ایک اور واقعہ میں گن فاؤنڈری میں 20فٹ اونچی گنیش مورتی اچانک حادثہ کا شکار ہونے کے سبب بعض افراد زخمی ہوگئیجبکہ ایک اور واقعہ میں کرین عملہ میں شامل ایک شخص سرینواس کی نعش ٹینک بنڈ سے دستیاب ہوئی۔ پولیس نے اس نعش کو فوری گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا اور پولیس کو شبہ ہے کہ دو دن قبل سرینواس ٹینک بنڈ میں غرقاب ہوگیا تھا۔ ساؤتھ زون پولیس نے پرانے شہر میں گنیش مورتی کو منتقل کرنے والی ایک لاری کو روک دیا جس میں اشتعال انگیز گیت بجائے جارہے تھے۔