نئی دہلی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی کابینہ کا کل اجلاس منعقد ہورہا ہے جس میں بعض مقبول عام اقدامات اور انسداد ِ رشوت ستانی پر آرڈیننس کی اجرائی کو منظوری دیئے جانے کا امکان ہے۔ مجوزہ لوک سبھا انتخابات کیلئے ضابطہ ٔ اخلاق کے نفاذ سے قبل یہ کابینہ کا آخری اجلاس ہوسکتا ہے۔ انتخابی مصارف کو فی امیدوار موجودہ 40 لاکھ سے بڑھاکر 70 لاکھ روپئے کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ گرانی الاؤنس کو موجودہ 90% سے بڑھاکر 100% کیا جاسکتاہے جس سے 50 لاکھ ملازمین اور 30 لاکھ وظیفہ یابوں کو فائدہ ہوگا۔ ایمپلائیز پراویڈنٹ فنڈ آرگنائزیشن سے سبکدوش ہونے والوں کیلئے کم از کم 1000 روپئے ماہانہ پنشن اسکیم کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔
سیاست میں دلچسپی نہیں : عامر خان
کوچی۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ اداکار عامر خان نے آج کہا کہ وہ سیاست سے دور ی اختیار نہیں کررہے ہیں بلکہ انہیں اس میں دلچسپی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوام کے دِلوں میں جگہ بنانے پر یقین رکھتے ہیں۔ ٹی وی شو ’’ستیہ میوجئیتے ‘‘ کے سلسلے میں انہوں نے میڈیا سے یہ بات کہی۔