مرکزی کابینہ میں عنقریب توسیع کا امکان

نئی دہلی۔ 6 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی 11 نومبر کو دورۂ میانمار سے قبل امکان ہے کہ کابینہ میں توسیع کریں گے اور نئے چہروں کو متعارف کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ تقریباً ایک درجن وزراء کی مودی حکومت میں شمولیت متوقع ہے۔ چیف منسٹر گوا منوہر پریکر کا نام سب سے نمایاں ہے جنہیں وزارت دفاع کا قلمدان دیا جاسکتا ہے تاکہ ارون جیٹلی پر بوجھ کم کیا جاسکے اور وہ وزارت فینانس پر ساری توجہ مرکوز کرسکے۔ بی جے پی کی اعلیٰ قیادت کابینی توسیع کے معاملے میں مہربہ لب ہے لیکن پارٹی ذرائع نے بتایا کہ مختار عباس نقوی جو مسلم شناخت کے حامل ہیں، یوتھ ونگ صدر انوراگ ٹھاکر کے علاوہ منوہر پریکر کو وزارتی قلمدان دیا جائے گا۔ سینئر بی جے پی لیڈر یشونت سنہا کے فرزند جیئنت بھی کابینہ میں شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ بہار اور راجستھان سے بعض نئے چہروں کو متعارف کیا جائے گا۔ بی جے پی کی حلیف جماعتوں جیسے شیوسینا اور تلگو دیشم پارٹی کو بھی حکومت میں نمائندگی متوقع ہے۔ نریندر مودی کی کابینہ میں اس وقت 22 کابینی وزیر ہیں اور مساوی تعداد میں مملکتی وزراء ہیں۔ 10 وزراء آزادانہ قلمدان رکھتے ہیں۔ کابینہ میں توسیع امکان ہے کہ اتوار یا پیر کو ہوگی اور اس کا فیصلہ صدرجمہوریہ پرنب مکرجی کی سہولت کے مطابق کیا جائے گا۔