نئی دہلی 5 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ اشارہ دیتے ہوئے کہ وہ سادھوی نرنجن جیوتی کے مسئلہ پر اپنے موقف میں نرمی نہیں لائیگی کانگریس نے آج حکومت کے اس عذر کو مسترد کردیا کہ سادھوی نرنجن جیوتی پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والی غریب اور دیہاتی نا خواندہ خاتون ہیں۔ کانگریس نے اس مسئلہ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ۔ کانگریس ترجمان سلمان خورشید نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کہنا کہ کوئی ناخواندہ یا لا علم ہے اچھا جواب نہیں ہے ۔ یہ ایک در اصل غلط اور نا مناسب بحث ہے ۔ ہر شخص کو اس کی ذمہ داری لینی چاہئے اور جو شخص کسی عہدہ پر فائز ہوتا ہے اسے بھی اس کی ذمہ داری لینی پڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو کوئی عہدہ دینا در اصل مواقع فراہم کرنا ہوتا ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کی اجازت دی جائے ۔
انہو ںنے کہا کہ ہر کسی کا کوئی دور دراز کا گاوں کا راست یا بالواسطہ تعلق ہوتا ہے اور گاوں سے تعلق رکھنے والے عوام بہت زیادہ سنجیدہ اور بہترین کہانی سنانے والے ہوتے ہیں اور ان میں بہت زیادہ فراست ہوتی ہے ۔ ہم یقینی طور پر ان سے جڑے رہنے پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ واضح رہے کہ کچھ دیر قبل پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے الزام عائد کیا تھا کہ کانگریس کے کئی قائدین نے ماضی میں متنازعہ بیان دئے ہیں اور وہ اس لئے بچ گئے کیونکہ وہ بڑے لیڈرس ہیں لیکن نرنجن جیوتی کو اس لئے نشانہ بنایا جارہا ہے کیونکہ وہ بہت اچھی طرح اثر انداز ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ خاتون گاوں سے تعلق رکھتی ہیں اور پہلی مرتبہ پارلیمنٹ آئی ہیں اس لئے انہیں نشانہ بنایا جارہا ہے ۔