مرکزی وزیر نتن گڈکری کا آج وشاکھاپٹنم کا دورہ

وشاکھاپٹنم12 جولائی ( پی ٹی آئی ) مرکزی وزیر برائے حمل و نقل و ہائی ویز نتن گڈکری وشاکھاپٹنم میں کل 3,685 کروڑ روپئے مالیتی ترقیاتی پراجیکٹس کا افتتاح عمل میں لائیں گے ۔ وزیر موصوف کل ایک روزہ دورہ پر وشاکھاپٹنم پہونچیں گے اور وہ شپنگ شعبہ میں ہوئی پیشرفت کا جائزہ لیں گے ۔ اس کے علاوہ وہ ساگر مالا اور بھارت مالا پراجیکٹس کا جائزہ لیں گے اور دو نئے پراجیکٹس کا افتتاح عمل میں لائیں گے ۔ مسٹر نتن گڈکری وشاکھاپٹنم میں ایک آئرن اور ہینڈنگ کامپلکس کا افتتاح بھی کرینگے جو عصری اور اپ گریڈ سطح کا ہے۔ وشاکھاپٹنم پورٹ ٹرسٹ کے صدر نشین ایم ٹی کرشنا بابو نے یہ بات بتائی ۔ مرکزی وزیر وی پی ٹی میں ایک نئے فائر اسٹیشن کامپلکس کا افتتاح بھی کرینگے ۔ اس کے علاوہ مرکزی وزیر وشاکھاپٹنم بندرگاہ کو چار لین راستہ سے جوڑنے کے پراجیکٹ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے ۔ وہ چھ لین انندا پورم ۔ انکا پلی سیکشن پر بھی تعمیراتی کاموں کا افتتاح عمل میں لائیں گے ۔